جیکب آباد پولیس کی کاروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، روپوش اور اشتہاری ملزمان سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ

بدھ 27 مئی 2020 15:34

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) جیکب آباد پولیس کی کاروائیاں، بھاری مقدار میں منشیات برآمد، روپوش اور اشتہاری ملزمان سمیت 9 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پولیس نے ضلع کے مختلف تھانوں کی حدودمیں کاروائیاں کرتے ہوئے بھاری مقدار میں چرس اور گٹکا برآمد کرلیا ہے جبکہ مختلف کاروائیوں میں 9 ملزمان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے،جیکب آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق ٹھل کے بی سیکشن تھانہ کی پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے قتل کیس میں پولیس کومطلوب دو ملزمان نہار بنگلانی اور شبیر احمد بنگلانی کو گرفتار کرلیا جبکہ ایک اور کارروائی میں ایک اشتہاری ملزم علی حسن بنگلانی کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ایک اور کاروائی میں تھانہ میرپور برڑو کی پولیس نے جوا کے اڈے پر چھاپہ مارکر دو ملزمان مصری برڑو اور حضور بخش برڑو کو گرفتار کرکے قبضے سے جوا کی رقم 3100 نقدی اور تاش کے پتے برآمد کرلیے، علاوہ ازیں سٹی تھانہ جیکب آباد کی پولیس نے ایک ملزم زاہد جمالی کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضے سے 1500 گرام چرس برآمد کرلی اور ملزم کے خلاف سٹی تھانہ پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، دریں اثناء گڑہی خیرو پولیس نے چیکنگ کے دوران ایک ملزم فیض محمد عرف ثناء اللہ جمالی کو گرفتار کرکے قبضے سے 2170 گرام چرس برآمد کرکے مقدمہ درج کرلیا ہے، تاجو دیرو تھانہ کی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کاروائی کرتے ہوئے ڈاھانی لاڑو کے مقام پر ایک کار سے 160 کلو گٹکا برآمد کرکے ایک ملزم عبد اللہ جمالی کو گرفتار کرلیا ہے، علاوہ ازیں ایک اور کاروائی میں مولاداد تھانہ کی پولیس نے ایک روپوش ملزم عیدن کھوسو کو گرفتار کرلیا ہے۔