کراچی،سٹور پر ڈکیتی ناکام، دکاندار کی فائرنگ سے ڈاکو ہلاک

بدھ 27 مئی 2020 16:31

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) کراچی کے علاقے گلشن اقبال میں ابوالحسن اصفہانی روڈ پر ایک کریانہ اسٹور کو لوٹنے کے لیے آنے والا ڈاکو دکاندار کی فائرنگ سے ہلاک جبکہ ساتھی فرار ہوگیا۔مبینہ ٹاون پولیس کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر چیپل گارڈن کے قریب ایک کریانہ اسٹور پر موٹر سائیکل پرسوار 2 ملزمان آئے جن میں سے ایک ملزم نے دکان کے کاونٹر کے سامنے کھڑے ہوکر اسلحہ نکال لیا۔

دکاندار کے پولیس کو دیے گئے بیان کی دکان پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج سے سو فیصد تصدیق ہو رہی ہے۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ صبح 10 بجکر 17 منٹ پر ملزم اسلحہ لے کر دکاندار اور اندر موجود افراد کو گن پوائنٹ پر لے لیتا ہے۔ملزم دکان کے کاونٹر کی دراز سے خود رقم نکالنا شروع کردیتا ہے۔

(جاری ہے)

اس دوران دکاندار کو ملزم پر فائرنگ کرنے کا موقع مل جاتا ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوٹ ملزم کو ہاتھ سے چھوٹ کر کاونٹر پر بکھر جاتے ہیں اور ملزم گولی لگنے سے گر جاتا ہے اور دوسری گولی نہ مارنے کے لیے دکاندار کی منتیں کرنے لگ جاتا ہے۔پولیس کے مطابق زخمی ہونے والے ملزم کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال روانہ کیا گیا تھا تاہم وہاں پہنچنے تک ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزم کے دوسرے ساتھی کو بھی تلاش کر رہی ہے۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم اور لوٹ مار کی وارداتیں تیزی سے بڑھ رہی ہیں ایسے میں شہریوں نے اپنی حفاظت کے لیے اسلحہ رکھنا بھی شروع کر دیا ہے۔