کرونا میں اچانک اضافہ حکومت ،ضلعی انتظامیہ کی ناکامی کا مکمل ثبوت ہے،راجہ بشارت افضل

ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود مدینہ مارکیٹ میں لاک ڈائون میں نرمی کردی گئی ہے، رہنماء پیپلز پارٹی مظفر آباد

بدھ 27 مئی 2020 16:37

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) سٹی صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر مظفرآباد راجہ بشارت افضل نے کہا کہ حالیہ کرونا میں اچانک اضافہ حکومت اور ضلعی انتظامیہ کی ناکامی کا مکمل ثبوت ہے،ڈاکٹروں کے منع کرنے کے باوجود مدینہ مارکیٹ میں لاک ڈائون میں نرمی کردی جبکہ بلال قریشی راشن اسکنڈل کی فائل بند کرکے کروڑوں روپے کا راشن کہاں گیا کوئی پتہ نہیں ، حکومت عوامی مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہوگئی ہے جس کی بڑی وجہ عوام اپنے بچوں کا پیٹ پالنے کیلئے گھروں سے باہر نکل رہے ہیں ،سرکاری طور پر دیا جانے والا راشن ضلعی انتظامیہ نے اپنے رشتہ داروں میں تقسیم کرکے ایک نئی مثال قائم کردی۔

راجہ بشارت نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر،چیف جسٹس آزادکشمیر فوری طور پر نوٹس لے کر ضبط شدہ راشن عوام میں تقسیم کرکے عوام کو بھوک سے بچائیں کیونکہ اس وقت مسلسل تین ماہ ہونے کو ہیں لاک ڈائون اور تمام کاروباری مراکز بند ہونے کی وجہ سے 55%طبقہ جن میں دیہاڑی دار مزدور،کم تنخواہ اور ریڑی ٹھیلے لگانے والے افراد شامل ہیں جن کے گھروں کے چولہے بجھ گئے ہیں مگر بعض سیاسی کھڑپینچوں نے راشن پر بھی سیاست کرنی شروع کردی ہے ۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ لوگوں کو راشن فارم فل کرنے کے باوجود نہیں ملا مگر بعض بااثر لوگوں نے فون کے ذریعے اپنے خاندان میں ٹرک سے بھرا راشن منگوا کر تقسیم کیا جبکہ اُن کو راشن کی ضرورت نہیں تھی مگر پھر بھی اُنہوں نے اپنے خاندانوں میں منگوا کر تقسیم کیا۔اُنہوں نے پیپلزپارٹی آزادکشمیر اور وفاقی قیادت سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر کی عوام کیلئے پیپلزپارٹی اپنی حکمت عملی کے تحت مدد کرے ،بلال قریشی راشن اسکنڈل کے پیچھے اصل مقاصد کیا ہیں ان کا پردہ فا ش کرکے پیپلزپارٹی اہم رول ادا کرسکتی ہے ۔