حکومت کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فنڈز مختص کر رہی ہے، آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی

وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ امور عبدالحفیظ شیخ کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

بدھ 27 مئی 2020 17:04

حکومت کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فنڈز مختص ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ امور عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فنڈز مختص کر رہی ہے، انہوں نے اس عزم کا بھی اظہارکیا کہ آئندہ بجٹ میں عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تاجر برادری کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے جو ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت کو ایک ہی وقت میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال اور معیشت کے چیلنجوں کا سامنا ہے اور وہ قومی معیشت کے استحکام اور کورونا وائرس سے مؤثر طور پر نمٹنے کیلئے کوششیں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت صوبوں کے اشتراک سے زرعی پالیسی متعارف کرائے گی اور اس سلسلہ میں کاشتکاروں کی سہولت کیلئے کھاد کی قیمتیں کم کی جائیں گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ بجٹ میں تعمیراتی صنعت کیلئے مزید سہولیات فراہم کرے گی اور پاکستان ہائوسنگ سکیم کیلئے 90 فیصد ٹیکس کم کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہدف عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنا اور ان کی زندگیوں کو آسان بنانا ہے۔