تعلیمی اداروں کی خستہ حال بلڈنگز کو نئے سرے سے تعمیرکیا جارہا ہے،حاجی محمد خان لہڑی

بدھ 27 مئی 2020 17:26

ڈیرہ مراد جمالی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) صوبائی مشیر محنت و افرادی قوت حاجی محمد خان لہڑی نے کہاہے کہ صوبائی حکومت نے ہیلتھ اور ایجوکیشن میں ایمرجنسی نافذ کرکے انقلاب برپا کرنے کے لئے تعلیم پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے صوبے کے اندر تعلیمی اداروں کی خستہ حال بلڈنگز کو نئے سرے سے تعمیرکرکے تعلیمی ماحول کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گورنمنٹ گرلز مڈل اسکول گوٹھ پیر محمد مینگل کی نئی بلڈنگ کا افتتاح کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر میوہ خان بگٹی،معروف تاجر وڈیرہ میرجان مینگل،حاجی غلام سرور جتک،محمد اسحاق مینگل، حاجی محمد رمضان مینگل،بشیر زیب مینگل، میر گل محمد مینگل،حاجی بیگ محمد مینگل،ڈاکڑ مٹھاخان مینگل،وڈیرہ عبدالرسول مینگل، ماما نذیر احمد مینگل،دین محمد سمالانی،مرید سمالانی،محمد علی مینگل،سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حاجی محمد خان لہڑی نے کہا کہ صوبے میں تعلیم کی بہتری اور تعلیمی پسماندگی کو دور کرنے کاوزیراعلی بلوچستان جام کمال خان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے منشور میں شامل ہے جس کی بنیاد پر صوبے کے اندر تعلیمی ایمرجنسی نافذ کرکے تعلیمی بہتری کے لئے دن رات محنت کرکے پسماندگی کو دور کرنے کے لئے خستہ حال اور شلٹر لیس اسکولوں کی بلڈنگز کو نئے سرے سے تعمیر کاسلسلہ جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیم سے ہی ایک اچھا معاشرہ جنم لیتا ہے جس کے لئے ہم سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے اپنے بچوں اور بچیوں کو اسکولوں میں داخل کرکے اعلی تعلیم یافتہ بنانا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ حلقہ انتخاب کے عوام کو ہم کسی طرح سے بھی بھلا نہیں سکتے ہیں کروڑوں روپے کی لاگت سے بلیک ٹاپ روڈ کی تعمیر کاسلسلہ جاری ہے صحت کے شعبے کو بہتر بنانے کے لئے بھی علاقے میں ترقیاتی کام جاری ہیں جس سے عوام کو صحت کے شعبے کے حوالے سے مشکلات میں کمی آئے گی۔ حاجی محمد خان لہڑی نے کہاکہ آنے والے نئے سال کے بجٹ میں کئی اہم اسکیمات شامل کیئے گئے ہیں جس سے علاقے کی پسماندگی دور ہوسکے گی۔