ارطغرل غازی کو پی ٹی وی نے خریدا نہیں، ترکی نے تحفے میں دیا، شہباز گل

بدھ 27 مئی 2020 17:56

ارطغرل غازی کو پی ٹی وی نے خریدا نہیں، ترکی نے تحفے میں دیا، شہباز گل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترکی کے معروف ڈرامے دیریلیش ارطغرل جسے اردو میں ترجمہ کرکے ارطغرل غازی کے نام سے چلایا جا رہا ہے، اسے پیسوں سے نہیں خریدا گیا۔ڈاکٹر شہباز گِل نے اپنی ایک ٹوئٹ میں انگریزی اخبار کو دیے گئے اداکارہ ثانیہ سعید کے انٹرویو کی تصویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پی ٹی وی نے ترک ڈرامے کو خریدا نہیں بلکہ ترکی نے مذکورہ ڈرامے کو تحفے کے طور پر پاکستان کو دیا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط نے اداکارہ ثانیہ سعید کو مخاطب ہوتے ہوئے لکھا کہ اگر وہ بھی پہلے کی طرح پھر اچھا کام کریں تو اسے بھی نشر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شہباز گِل نے لکھا کہ بات کرنے سے پہلے تحقیق ضروری ہے اور یہ کہ آرٹ و کلچر کے لوگوں کے دل کھلے ہونے چاہیے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی روابط نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ پاکستان میں ماضی میں بھارتی مواد کی بہتات تھی، مگر شکر ہے کہ اب بہتر مواد آیا۔

ڈاکٹر شہباز گِل نے یہ ٹوئٹ اداکارہ ثانیہ سعید اور صبا قمر کی جانب سے انگریزی اخبار کو دیے گئے انٹرویو کے رد عمل میں کہی۔مذکورہ انٹرویو میں صبا قمر اور ثانیہ سعید نے ارطغرل غازی کی تعریف کی تھی اور کہا تھا کہ مذکورہ ڈرامے سے قبل بھی پاکستان میں ترکی کے ڈرامے نشر کیے جا چکے ہیں اور وہ بھی اتنے ہی مقبول ہوئے۔