جاپان کا ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نئے مالی منصوبے کا اعلان،مالیاتی حجم296 ارب ڈالر ہوگا

منصوبے میں چھوٹے کاروبار کے لیے سبسڈی اور طبی کارکنوں کے لیے نقد رقم بھی شامل

بدھ 27 مئی 2020 17:59

ٹوکیو۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) جاپان نے کورونا لاک ڈائون سے متاثرہ ملکی معیشت کے استحکام کے لیے نئے مالی منصوبے کا اعلان کیا ہے جس کا مالیاتی حجم 31.91 ٹریلین ین (296 ارب ڈالر ہوگا)،اس میں چھوٹے کاروبار کے لیے سبسڈی اور طبی کارکنوں کے لیے نقد رقم بھی شامل ہے۔اس بات کا اعلان وزیراعظم شنزو ایبے نے بدھ کے روز اس پیکج کی کابینہ سے منظوری کے بعد کیا۔

انھوں نے کہا کہ جاپان میں کورونا وائرس کا پھیلائوں اور مریض دوسرے ملکوں کی نسبت کہیں کم ہیں اس کے باوجود ملک میں کاروباری سرگرمیوں بالخصوص شہریوں کی جانب سے خریداری میں کمی سے ملکی معیشت بری طرح متاثر ہوئی ہے جس سے 2015 ء کے بعد بڑی معاشی بدحالی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کابینہ نے 31.91 ٹریلین ین (296 ارب ڈالر) کے دوسرے غیر معمولی پیکج کی منظوری دی ہے جس میں چھوٹے کاروبار کے لیے سبسڈی اور طبی کارکنوں کے لیے نقد رقم شامل ہے،اس کے علاوہ بانڈز کے اجراء سے حاصل ہونے والے 117 ٹریلین ین بھی فنانس ریسکیو پروگرام اور کاروباری اداروں کی معاونت کے لیے استعمال ہوں گے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اپریل کے دوران جاری کردہ ابتدائی مالی پیکج اور لون سکیم کی شمولیت سے ریلیف اقدامات کی کل مالیت 230 ٹریلین ین ہوجائے گی جو ہماری جی ڈی پی کے 40 فیصد کے برابر اور اب تک کا سب سے بڑا پیکج ہوگا،صدی کے بدترین بحران کے دورانیے میں جاپانی معیشت کا تحفظ کریں گے۔ ملک کے ہر بالغ اور بچے کو1 لاکھ ین (930 امریکی ڈالر) دینا محرک پیکج میں شامل ہے۔

بچاؤ کے دیگر اقدامات میں چھوٹی کمپنیوں کو کرایہ کی مد میں ادائیگی کے لیے سب سڈی، میڈیکل ورکرز کو گرانٹ اور ادویات و ویکسین کی تیاری کے لیے گرانٹ شامل ہے۔انہوں نے ممبران پارلیمنٹ سے اپیل کی کہ وہ اقدامات جلد پارلیمنٹ سے منظور کرائیں۔نوزیر خزانہ تارو آسو نے 2008ء کے مالی بحران کو جنم دینے والے امریکی سرمایہ کاری بینک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں لیہمنبحران سے زیادہ سنگین بحران کا سامنا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا ہم پوری قوت کے ساتھ عوامی اخراجات میں اضافہ اور معیشت کو زندہ کریں گے، ہم ملازمتوں اور کاروباروں کا بھی تحفظ کریں گے۔