طیارہ حادثہ، پی ٹی آئی رہنماؤں کا گھریلو ملازماؤں کو 5,5 لاکھ روپے دینے کا اعلان

مشکل کی گھڑی میں ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔تینوں زخمی گھریلو ملازماؤں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہیں،محمود مولوی،آفتاب صدیقی

بدھ 27 مئی 2020 18:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) مرکزی رہنما و رکن قومی اسمبلی آفتاب صدیقی اور مشیربرائے وزارت بحری امور محمود مولوی کا طیارہ حادثے میں متاثر ہونے والی تینوں گھریلو ملازماؤں کو 5,5 لاکھ روپے دینے کا اعلان۔ پارٹی سیکریٹریٹ انصاف ہاوس سے جاری اپنے بیان میں آفتاب صدیقی کا کہنا تھا کہ دل دہلا دینے والے حادثے نے سب کو افسردہ کردیا ہے۔

گزشتہ روز ہم نے گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ہمراہ برنس وارڈ کا دورہ کیا تھا اور واقعے میںزخمی ہونے والی گھریلو ملازماوں کی عیادت کی تھی۔

(جاری ہے)

متاثرہ لڑکیاں ماڈل کالونی میں گھروں میں کام کرتی تھیں۔12 سالہ لڑکی کا چہرہ 30 فیصد متاثر ہوا ہے۔ زخمی ہونے والی12 سالہ بچی کی تعلیم کا تمام خرچہ بھی خود اٹھاوں گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دوسری لڑکی 57 فیصد جبکہ تیسری لڑکی 40 فیصد جھلسی ہے۔

تینوں لڑکیوں کو 5,5 لاکھ روپے دیئے جائینگے۔ پی ٹی آئی رہنما محمود مولوی کا کہنا تھا کہ افسوسناک واقعے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر دل افسردہ ہے۔ واقعے میں زخمی ہونے والی گھریلو ملازماوں کے مشکل کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔تینوں زخمی گھریلو ملازماؤں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کرتے ہیں۔