سانحہ پکاقلعہ حیدرآباد کے قاتلوں کو سزا دی جائے، ڈاکٹر سلیم حیدر

ْپیپلزپارٹی کے سابقہ دور حکومت میں 26,27مئی کو درجنوں مہاجروں کو شہید کیا گیا،چیئرمین ایم آئی ٹی

بدھ 27 مئی 2020 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ سانحہ پکاقلعہ 26,27 مئی کے شہداء آج تک انصاف کے منتظر ہیں۔ سپریم کورٹ اس واقعے کا نوٹس لے اور اس میں ملوث پولیس کی وردی میں ملبوس دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کیخلاف کارروائی کریں۔ وہ سانحہ پکاقلعہ حیدرآباد کے شہداء کی برسی کے موقع پر فاتحہ خوانی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔

ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہاکہ سانحہ پکاقلعہ میں اس وقت کی پیپلزپارٹی کی حکومت نے پولیس کی وردی میں ملبوس دہشت گردوں کے ذریعے حیدرآباد کے گنجان آباد علاقوں پر چڑھائی کروائی جس کے نتیجے میں درجنوں مہاجر نوجوان شہید ہوئے ، گھروں میں پولیس نے گھس کر لوٹ مار کی ، خواتین اور بچوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

شہر میں دہشت اور خوف کی فضا قائم کی گئی تھی لیکن آج تک ان کے ورثاء کو انصاف نہیں ملا ، کئی بار حکومتیں تبدیل ہوتی رہیں لیکن سانحہ پکاقلعہ حیدرآباد کے قاتل آزاد رہے۔

انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے ملک کے کسی بھی حصے میں چھوٹا سا بھی واقعہ ہوتا ہے تو اس کے ملزمان کو گرفتار بھی کیا جاتا ہے اور سزائیں بھی دی جاتی ہیں لیکن حیدرآباد اور کراچی میں پے درپے سانحات ہوتے رہے جن میں سینکڑوں مہاجروں کو شہید کیا گیا ، ان سانحات کی نہ تو کوئی انکوائری رپورٹ منظرعام پر آئی اور نہ ہی ان کے ملزمان اور سہولت کاروں کو سزا دی گئی جس کے باعث اس طرح کے سانحات کا سلسلہ برسوں سے جاری و ساری ہے۔

انہوں نے کہاکہ اس ملک میں دو معیار ہیں مہاجروں کیلئے الگ قانون ہے اور غیر مہاجروں کیلئے الگ قانون ہے۔ جب تک یہ تفریق ختم نہیں ہوگی ملک میں یکجہتی اور ہم آہنگی پروان نہیں چڑھ سکے گی۔ انہوںنے مطالبہ کیا کہ فوری طورپر سانحہ پکاقلعہ حیدرآباد کے قاتلوں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔