بھارت نے پاکستان کے ساتھ کسی مس ایڈوینچر کی غلطی کی تو اسے وہی جواب دیا جائیگا جو 2019میں دیا گیا تھا، حاجی علی مدد جتک

افواج پاکستان اور عوام کی قربانیوں سے ملک میں امن کی شمع روشن ہے اور ملک اپنے ترقیاتی اہداف کی جانب گامزن ہے ،صدر پیپلز پارٹی بلوچستان

بدھ 27 مئی 2020 18:12

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مدد جتک نے کہا ہے بھارت کو 28مئی 1998کی تاریخ یاد رکھنی چاہیے تا کہ اسے معلوم ہو کہ وہ ایک ایٹمی طاقت سے ساتھ الجھنے کی کوششوں میں مصروف ہے ، بھارت نے اب اگر اس نے پاکستان کے ساتھ کسی مس ایڈوینچر کی غلطی کی تو اسے وہی جواب دیا جائیگا جو 2019میں دیا گیا تھا، پاکستان کا دفاع مضبوط اور مربوط ہے کرائے کہ دہشتگردوں کے ذریعے بلوچستان اور پاکستان کو نقصان نہیں پہنچایا جا سکتا، بھارت کو لاداخ میں چین کے ہاتھوں منہ کی کھانی پڑی ہے بلوچستان کو چھوڑ کر بھارت اپنی فکر کرے۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے یوم تکبر کے حوالے سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہی، حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان کا دفاع ماضی کی نسبت مضبوط ہے ملک دشمن عناصر نے دہشتگردی کا فائدہ اٹھا کر جو حالات خراب کئے اب افواج پاکستان اور عوام کی قربانیوں سے ملک میں امن کی شمع روشن ہے اور ملک اپنے ترقیاتی اہداف کی جانب گامزن ہے دشمن کی یہ خام خیالی ہے کہ وہ پاکستان اور بلوچستان کو الگ کر سکتاہے بلوچستان اورپاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھنے والوں کی آنکھیں نکال دیں گے انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان سے زیادہ اپنے دفاع کی فکر کرے چین نے بھارت کو لداخ میں منہ توڑ جواب دیا ہے جبکہ پاکستان نے بھی بھارتی دراندازیوں کا جواب دیتے ہوئے نہ صرف انکا جہاز گرایا بلکہ پائلٹ کو چائے بھی پلا کر بھیجا اور پیغام دیا کہ پاکستان بارڈر کے راستے آنے والے مہمانوں کو خوش آمدید اور رات کی تاریکی میں حملہ کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے ، حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ 28مئی کو ایٹمی دھماکے کے جھٹکوں نے پوری دنیا کو باور کروایا کہ ہم ایک مضبوط اور ایٹمی ملک بن چکے ہیں جسے نقصان پہنچانے کی ہرسازش کو ناکام بنا نے کی قوت ہم میں موجود ہے۔