یوم تکبیر کے موقع پر بھارت کیلئے پاکستانی قوم کا جرأ ت مندانہ پیغام بڑی اہمیت کا حامل ہے،مولانا عبدالرحمن سلفی

بدھ 27 مئی 2020 18:13

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مئی2020ء) امیر جماعت غرباء اہلحدیث پاکستان و رئیس جامعہ ستاریہ الا سلامیہ حافظ مولانا عبدالرحمن سلفی نے کہا ہے کہ نعرہ تکبیر الله اکبر کی گونج یوم تکبیر ایٹمی دھماکہ کے موقع پر پوری دنیا میں سنی گئی اور اقوام عالم کے نقشہ پر پاکستان اس روز ایٹمی دھماکہ کر کے ایٹمی طاقت بننے میں کامیاب ہو گیا تھا۔

جبکہ بیرونی طاقتیں اپنی سازشوں کے ذریعے پاکستان کی نظریاتی اور سرحدی بنیادوں کو کھو کھلا کرنا چاہتی تھیں۔ وہ چاہتیں تھیں کہ پاکستان کو تر نوالہ سمجھ کر اسے ہڑپ کرلینگے ۔ مولانا سلفی نے کہا کہ یوم تکبیر کے موقع پر بھارت کیلئے پاکستانی قوم کا جرأ ت مندانہ پیغام بڑی اہمیت کا حامل ہے جہاد کی طاقت ایٹمی قوت سے بھی زیادہ ہوا کرتی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خلفائے راشدین اور صبر و استقامت کے پہاڑ صحابہ کرام نے اپنے دورِ خلافت میں جہاد فی سبیل الله کے ذریعے کفار کو ہر محاز پر منہ توڑ جواب دیا تھا ۔ اسی طرح اب ہماری عسکری قیادت کے جوشیلے نوجوانوں اور پاکستانی نوجوانوں کے ہر اول دستہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ہم اپنی ایمانی قوت کے بدولت دشمن کے ہر محاذ پر عسکری قیادت کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

مولانا سلفی نے سیاسی اُفق کی جدید ٹیکنالوجی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر مسلم سربراہان مملکت نے ملکر مسئلہ کشمیر حل نہ کیا تو پوری دنیا میں ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال کی نوبت آسکتی ہے۔ غازیان دفاع وطن کے جوشیلے نوجوانوں نے پاکستان کے نامور سائنس دان ڈاکٹر عبدالقدیر خان ، ڈاکٹر ثمر مبارک اور انکی ٹیم نے شب روز محنت کے بعد ایٹمی دھماکہ کر کے پاکستان کی22کر وڑ عوام کے سر فخر سے بلند کر دیئے تھے۔

جبکہ اسوقت کے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے دُنیا کی ساری سپر پاور طاقتوں کے منع کرنے کے باوجود وہ اپنے فیصلے پر ڈٹے رہے اور ایٹمی دھماکہ کر کے یہود ہنود اور بھارت کی پاکستان کے خلاف سازشوں کے جال کو پلک جھپکتے ہی خاک میں ملا دیا تھا ۔ میاں محمد نواز شریف کے اس فیصلے نی57اسلامی ممالک کے سربراہان نے انہیں ایٹمی دھماکہ کرنے والا’’ سپر مین‘‘ اور ہیرو قرار دیا تھا۔