این ڈی ایم اے نے ٹڈی دل سے متاثرہ شکایات کے اندراج اور ان کے حل کیلئے ہاٹ لائن قائم کر دی ہے، ترجمان

بدھ 27 مئی 2020 18:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم ای) نے بدھ کو ٹڈی دل سے متاثرہ شکایات کے اندراج اور ان کے حل کیلئے ہاٹ لائن قائم کر دی ہے جس کا نمبر 051-111-222-999 ہے۔ یہ ہاٹ لائن نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر (این ایل سی سی) میں قائم کی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے ترجمان نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ لوکسٹ کے حوالہ متاثرہ کاشتکار اپنی رجسٹریشن اور شکایات کا اندراج یہاں کرا سکتے ہیں یا اگر انہیں سپرے کی ضرورت ہے تو 24 گھنٹے اس نمبر پر رابطہ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے کے چیئرمن لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ این ڈی ایم اے لوکسٹ کے خاتمہ کیلئے بھرپور کام کر رہا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ لوکسٹ نے ملک کے 61 اضلاع کو متاثر کیا ہے، ان میں 31 بلوچستان، 11 خیبرپختونخوا، 12 پنجاب اور سندھ کے 7 اضلاع متاثر ہوئے ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں سروے اور سپرے دونوں کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں 3 لاکھ 25 ہزار ہیکٹر رقبہ کا سروے کیا گیا ہے جبکہ اس دورانیہ میں 3 ہزار 6 سو ہیکٹر رقبہ میں ٹریٹمنٹ کی گئی ہے۔ بلوچستان میں 14 سو ہیکٹر، پنجاب میں 700ہیکٹر، سندھ میں 600 اور خیبرپختونخوا میں 900 ہیکٹر رقبہ میں سپرے کیا گیا۔