اسلام آباد کیٹررایسوسی ایشن کا یکم جون سے مارکیز اور شادی ہالز کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ

بدھ 27 مئی 2020 19:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) اسلام آباد کیٹررایسوسی ایشن نے وفاقی و ضلعی حکومت سے یکم جون سے مارکیز اور شادی ہالز کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ کام کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیاہے۔ ایسوسی ایشن کے چِیئرمین مختارعباس، صدر سلمان اشرف اور جنرل سیکرٹری بختاوربٹ نے میڈیا سے بات چیت میں کرونا وائرس کی وجہ سے مارکیز اور شادی ہالز کی بندش پرتشویش کا اظہار کیا اورحکومت سے مطالبہ کیا کہ جس طرح دیگر کاربار کو کام کرنے کی مشروط اجازت دی گئی ہے اسی طرح انکوبھی کام کرنے کی اجازت دی جائے۔

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد کیٹررایسوسی ایشن وفاقی دارلحکومت کے ایک سو سے زائد شادی ہالز اور مارکیز کی نمائندہ تنطیم ہے جن سے ہزاروں لوگوں کاروزگارجڑا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن اس سے پہلے بھی ٹیکس اور سی ڈی اے کے معاملات پر حکومت سے رابطے میں رہتی ہے اور اب بھی اپنا کرادار ادا کر رہی ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق مارکیز اور شادی ہالزمیں مستقل اور دیہاڑی دار ملازمیں کی ایک بڑی تعداد کام کرتی ہے جبکہ اس کاروبارسے جڑے ہزاروں افراد کے گھروں کے چولہے بھی بجھ چکے ہیں۔

ایسوسی ایشن کے چیئرمین مختارعباس نے کہا کہ ہم اس مشکل کی گھڑی میں حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور کاربار نہ ہونے کے باوجود گزشتہ تین ماہ سے ملازمین کو تنخوا ہیں دے رہے ہیں تاہم اب نقصان ہماری برداشت سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ہمیں مشروط اجازت دے تاکہ کم ازکم ہم اپنے اخراجات تو پورے کر سکیں۔