Live Updates

پی ٹی آئی طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کرے گی اور رپورٹ پبلک کرے گی، فردوس شمیم نقوی

پیپلزپارٹی کے دور میں پی آئی اے کاخسارہ 35 ارب سے بڑھ کر 180 ارب جبکہ نوازشریف کے دور میں 500ارب تک پہنچ گیا: دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس

بدھ 27 مئی 2020 19:07

پی ٹی آئی طیارہ حادثے کی شفاف تحقیقات کرے گی اور رپورٹ پبلک کرے گی، ..
کراچی۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سندھ اسمبلی میں اپوزشن لیڈر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ہم یقین دلاتے ہیں کہ پاکستان میں جہازوں کے اب تک جتنے حادثے ہوئے ہیں ، اس طیارہ حادثہ کی تحقیقاتی رپورٹ نہ صرف سب سے صاف و شفاف ہوگی بلکہ جامع رپورٹ ہوگی اس کو عوام کے سامنے پیش بھی کیا جائے گا اور کارروائی بھی ہوگی ،یہ تحریک انصاف کا وعدہ ہے اور ہم اس وعدہ پر قائم بھی رہیں گے، پیپلزپارٹی نے اپنے دور حکومت کے دوران ملک کے اداروں کو تباہ کیا ہے اور پی آئی اے میں بھی 4 ہزار 500 میرٹ سے ہٹ کر بھرتیاں کروائیں جس کی وجہ سے ادارے کو نقصان پہنچا، جب پیپلزپارٹی اقتدار میں آئی تو پی آئی اے کا خسارہ 35 بلین روپے تھا اور جب ان کا دور ختم ہوا تو خسارہ 35 بلین سے بڑھ کر 180 بلین ہوگیا اور پھر جب نوازشریف اقتدار میں آئے تو یہ نقصان 500ارب تک پہنچ گیا، تحریک انصاف کی حکومت میں آنے کے بعد پی آئی اے کا خسارہ کم ہوا ہے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی نائب صدر و پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ، بیت المال سندھ کے سربراہ حنید لاکھانی کے ہمراہ اقراء یونیورسٹی کیمپس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء و سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے وزراء آج ہوابازی کے ماہرین بنے ہوئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزراء یہ بتائیں کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں جب صدر بھی ان کا تھا اور وزیراعظم بھی پیپلزپارٹی کا تھا اس وقت بھی دو طیارہ حادثہ ہوئے تھے جس میں ایک بوجھا آئیرلائن اور دوسرا ائیر بلیو آئیرلائن شامل ہیں، اس کی انکوائری کے لئے کیا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ان لوگوں نے سندھ کی گندم کو کھایا ہے، اپنے دورے حکومتوں میں عوام کی دولت کو بھی کھاچکے ہیں ۔

فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ حادثہ ہوا ہے، اس کی تحقیقات ہورہی ہے ، عالمی ماہرین بھی گذشتہ روز پہنچ چکے ہیں اور ملکی ماہرین بھی تحقیقات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شفاف اور غیرجانب دار انکوائری چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت کا یہ انوکھا کارنامہ ہے کہ بیک وقت ایک شخص پی آئی اے کا بھی ایم ڈی تھا اور سول ایوی ایشن اتھارٹی کا بھی چیئرمین تھا جس کا نام ندیم یوسفزئی ہے ۔

انہوں کہا کہ ایک ہی وقت میں ریگولیٹر اور آپریٹر ایک ہی شخص کے ہاتھ میں دے دو، یہ کمال منیجمنٹ ہے اور پھر دعوی کرتے ہیں کہ ہم میرٹ کا نظام لاتے ہیں ۔ پی ٹی آئی مرکزی رہنماء حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ہم اٹھارویں ترمیم کے خلاف نہیں بلکہ اس کے غلط استعمال کے خلاف ہیں،اٹھارویں ترمیم کا پیسہ کہاں جاتا ہے کسی کو علم نہیں، اٹھارویں ترمیم کے نام پر 15 ہزار ارب روپے یہ لوگ گزشتہ 12 سال میں کھا گئے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سندھ حکومت کی کرپشن کو بے نقاب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعید غنی کا کیا تعلق ہے ہوا بازی سے، ہم طیارے حادثے کی جائے وقوعہ پر پہنچے تو ہمیں پولیس، رینجرز، افواج پاکستان اور ایدھی کے رضار کار نظر آئے ، وہاں سندھ حکومت کی ایک ایمبولینس نظر نہیں آئی، اس طیارہ حادثے کی رپورٹ سامنے آئے گی، بوجھا اور ایئر بلو کی رپورٹ پر پیپلز پارٹی اپنی کارکردگی بتائے، جائے وقوعہ پر سندھ حکومت کا کوئی ادارہ، ڈیزاسٹر منیجمنٹ نہیں تھا، ہماری پوری ٹیم وہاں پہنچی، پی آئی اے اور انشورنس کمپنی رابطے میں ہیں، مزید 50 لاکھ تمام لواحقین کو دلوائیں گے۔

حنید لاکھانی نے کہا سندھ حکومت کے رہنمائوں کی پریس کانفرنس میں جھوٹ کی ملاوٹ شامل ہے، سندھ پاکستان کا واحد صوبہ ہے جس کا شرح تعلیم نیچے جا رہی ہے، تعلیم کے لئے ان کے اپنے وزراء کہتے ہیں کہ ایک لاکھ اساتذہ گھوسٹ ہیں، سندھ حکومت اپنے نظام کے خلاف پریس کانفرنس کرے۔ جس طرح بھرتیاں، ترقیاں، داخلے ہوتے ہیں اس پر پریس کانفرنس کریں۔ ان کو اپنے حلقوں کے لوگوں کے لئے کام کرنا چاہیے۔ انہوں نے روٹی کپڑا اور مکان کے بجائے صرف جھوٹے دعوے کیے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کراچی والے پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں لیکن پانی کی دستیابی اور فراہمی پر کوئی کام نہیں ہورہا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات