ہمسایہ ممالک کے ساتھ تنازعات پر دنیا بھارت کے عزائم کا نوٹس لے،وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی

بدھ 27 مئی 2020 21:38

ہمسایہ ممالک کے ساتھ تنازعات پر دنیا بھارت کے عزائم کا نوٹس لے،وزیر ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2020ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ دنیا بھارت کے عزائم کا نوٹس لے، بھارت مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت کی تبدیلی، سٹیزن ترمیمی ایکٹ کے ذریعے اقلیتوں کو نشانے بنانے اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ سرحدی تنازعات میں الجھا ہوا ہے، لداخ میں چھیڑ چھاڑ کے بعد بھارت چین پر الزام تراشی کر رہا ہے ، چین نے ہمیشہ بردباری اور تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔

بدھ کو خطہ کی صورتحال پر بیان میں انہوں نے کہا کہ دنیا کو بھارت کے عزائم کا نوٹس لینا چاہئے، بھارت کس طرف چل پڑا ہی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کبھی یکطرفہ غیر قانونی اقدامات کے ذریعے مقبوضہ جموں و کشمیر کے متنازعہ علاقہ کو اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کرتا ہے اور کبھی قوانین میں ترمیم کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو بدلنے کی کوشش کرتا ہے، بھارت کبھی سٹیزن ترمیمی ایکٹ، این آر سی جیسے متنازعہ قوانین متعارف کراتا ہے جس سے ہندوستان کے اندر سے آوازیں بلند ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کو کبھی نیپال سے مسئلہ ہو جاتا ہے اور کبھی افغان امن عمل میں رخنہ اندازی کی کوشش کرتا ہے، کبھی یہ بلوچستان میں شورش کو ہوا دیتا ہے اور اب بھارت نے لداخ میں وہی حرکت کی ہے اور الٹا چین کو مورد الزام ٹھہرانے کی کوشش کر رہا ہے، چین نے تو ہمیشہ بردباری کا مظاہرہ کیا ہے اور امن کی بات کی ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ چین تو اب بھی کہہ رہا ہے کہ اسے افہام و تفہیم سے حل کرتے ہیں لیکن اگر بھارت نے متنازعہ علاقے میں تعمیرات کا سلسلہ جاری رکھا تو پھر خطہ کے امن و استحکام کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

Eانہوں نے کہا کہ بھارت نے سیکولر ازم کو دفن کر دیا ہے اور ہندتوا سوچ کو ہوا دے رہا ہے، بھارت کے اندرونی حالات دگر گوں ہیں، معیشت کے برے حالات ہیں، کووڈ۔19 کی وبا کے دوران اٹھائے گئے اقدامات پر لوگ سراپا احتجاج ہیں، اس داخلی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے بھارت یہ سب ہتھکنڈے اپنا رہا ہے۔