ٹوئٹر نے امریکی صدر کے ٹوئیٹ پر فیکٹ چیک کا لیبل چسپاں کر دیا

ٹوئٹر کی جانب سے عمومی طور پر جانچ کا لیبل ایسی ٹوئیٹس پر چسپاں کیا جاتا ہے جن میں مبینہ طور پر گمراہ کن معلومات فراہم کی گئی ہوں

بدھ 27 مئی 2020 21:44

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2020ء) ٹوئٹر نے امریکی صدر کے ٹوئیٹ پر فیکٹ چیک کا لیبل چسپاں کر دیا۔ ٹوئٹر کی جانب سے عمومی طور پر جانچ کا لیبل ایسی ٹوئیٹس پر چسپاں کیا جاتا ہے جن میں مبینہ طور پر گمراہ کن معلومات فراہم کی گئی ہوں۔ تفصیلات کے مطابق ٹوئیٹر نے امریکی صدر ٹرمپ کی ٹوئیٹ پر وارننگ لیبل چسپاں کر دیا ہے جس کا ممکنہ طور پر یہی مطلب ہے کہ صدر ٹرمپ کی جانب سے کچھ گمراہ کن یا غلط معلومات شیئر کی گئی ہے۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹوئیٹ میں کہا کہ ڈاک کے نظام کے ذریعے اپنا ووٹ ڈالنا درحقیقت دھوکہ دہی سے کچھ کم نہیں ہو گا۔ امریکی صدر نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ میل باکس لوٹ لیے جائیں گے، بیلٹ جعلی ہوں گے، غیر قانونی طور پر پرنٹ آؤٹ ہوں گے اور دھوکہ دہی سے دستخط کیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر نے کہا کہ اس نظام کے تحت کسی بھی ریاست میں مقیم کوئی شہری بغیر اپنے متعلق معلومات فراہم کرنے کے ایک پوسٹل بیلٹ وصول کرے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ اس عمل کے بعد جو پیشہ ور لوگ ہیں وہ ان تمام لوگوں کو بتائیں گے کہ کیسے اور کس کو ووٹ دینا ہے۔ ووٹ ڈالنے والوں میں اکثر افراد ایسے ہوں گے جنہوں نے کبھی ووٹ ڈالنے کے بارے میں سوچا ہی نہیں ہو گا۔ ’’یہ ایک دھاندلی زدہ الیکشن ہو گا۔ ہرگز نہیں!‘‘ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر سلسلہ وار ٹوئیٹس کے نیچے ٹوئٹر انتظامیہ نے انتباہ پر مبنی ایک لیبل چسپاں کرنے کے ساتھ ادارے کی جانب سے ایک وضاحتی نوٹ بھی لکھا گیا ہے۔ وضاحتی نوٹ میں صارفین کو یہ تجویز دی گئی ہے کہ وہ "میل اِن بیلٹس سے متعلق حقائق کی جان کاری یہاں سے حاصل کریں۔"