ٹی 20 ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا: آئی سی سی

بدھ 27 مئی 2020 21:44

ٹی 20 ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا: آئی سی سی
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ترجمان نے کہا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ ملتوی کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا ہے، آسٹریلیا میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاریاں جاری رہیں گی۔تفصیلات کے مطابق آئی سی سی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ آئی سی سی کی بورڈ میٹنگ کے ایجنڈے پر ہے، جس میں ورلڈ کپ سے متعلق غور کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ادھر بھارتی میڈیا ٹی 20 ورلڈ کپ سے متعلق غلط پروپیگنڈا کر رہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا کی وجہ سے 15 ٹیموں کی نقل و حرکت کے چیلنج کے باعث اسے اگلے برس فروری یا 2022 تک ملتوی کیا جا سکتا ہے۔ یہ بھی کہا گیا کہ اگر یہ ٹورنامنٹ 2022 تک ملتوی ہوگا تو 2021 میں انڈیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈ کپ اس سے متاثر نہیں ہوگا۔ بھارتی کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ ملتوی ہونے کی صورت میں آئی پی ایل 2020 کی میزبانی کرنے کا بھی ارادہ ظاہر کیا تھا۔تاہم دوسری طرف پاکستان کرکٹ بورڈ نے ورلڈ کپ کو اگلے سال کے لیے مؤخر کرنے کی مخالفت کر دی ہے، جس سے پی ایس ایل کا اگلا سیزن متاثر ہو سکتا ہے۔