لاک ڈاؤن میں نرمی‘ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 217 افراد کا چالان

ڈرائیونگ کے دوران موبائل پر بات کرنے پر 10‘ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 48 اور بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے پر 159 افراد پر جرمانے عائد عید کے ایام میں شہریوں کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی دینا ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے تاکہ وہ اس خطرناک اور جان لیوا بیماری سے بچ سکیں‘چیف ٹریفک آفیسر وسیم احمد خلیل

بدھ 27 مئی 2020 22:07

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مئی2020ء) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 217 افراد کو چالان کیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل کی ہدایت پر سٹی ٹریفک پولیس کے حکام نے شہر کے مختلف سیکٹروں میں کورونا وائرس سے بچنے کیلئے ناکہ بندیاں کی ہیں جس کے تحت عید کے ایام میں بھی مختلف سیکٹروں میں ناکہ بندیاں کی گئیں جس کا سلسلہ تاحال جاری ہے ان ناکہ بندیوں پر شہریوں کو کورونا وائرس سے بچنے اور احتیاطی تدابیر بارے آگاہی دی جاتی ہے جہاں پر شہریوں میں باقاعدہ پمفلٹس بھی تقسیم کئے جا رہے ہیں۔

اس دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈرائیونگ کرتے وقت موبائل فون پر بات کرنے پر 10 افراد‘ سیٹ بیلٹ نہ باندھنے پر 48 اور ہیلمٹ کے بغیر موٹر سائیکل چلانے پر 159 افراد کو چالان کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ٹریفک وسیم احمد خلیل نے ٹریفک ہیڈ کوارٹر سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور شہریوں کی خدمت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے چاہے کورونا وائرس کی وبائی صورتحال ہو یا عید کے ایام ہوں ہم عوام کی خدمت کیلئے سڑکوں پر ڈیوٹیاں انجام دیتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے ایام میں ناکہ بندیاں کرکے شہریوں کو کورونا وائرس سے متعلق آگاہی دینا ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانا ہے تاکہ وہ اس خطرناک اور جان لیوا بیماری سے بچ سکیں اور ان کے عزیز و اقارب کی زندگیوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے تمام ترصلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔