طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں سے تاحال47 میتوں کی شناخت ہوئی، 43 میتیں ورثاء کے حوالے کردیں ، ترجمان پی آئی اے

بدھ 27 مئی 2020 22:48

طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں میں سے تاحال47 میتوں کی شناخت ہوئی، ..
کراچی۔27 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مئی2020ء) پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن (پی آئی ای) طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوںمیں سے تاحال47 میتوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور 43 میتیں تدفین کے لئے ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ قومی ائیرلائن کی جانب سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ ترجمان نے بتایا ہے کہ طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔

ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے شناخت کے نتائج آنے شروع ہو گئے ہیں۔ ابھی تک47 میتوں کی شناخت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے اور 43 میتیں تدفین کے لئے وارثان کے حوالے کردی گئی ہیں۔ ترجمان پی آئی اے نے مزید بتایا کہ فرانسیسی ٹیم اور ائر کرافٹ انوسٹی گیشن ٹیم نے کام جاری رکھا ہوا ہے اور جائے حادثہ سے شواہد اکٹھے کر لئے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائر مارشل ارشد ملک نے طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے تما م مسافروں کے اہل خانہ سے ذاتی طور پر رابطہ کیا اورتعزیت کی ہے ۔

انہوں نے لواحقین سے ان کے لئے کئے گئے انتظامات سے سے متعلق استفسار کیا اور کسی بھی مدد یا ضرورت کی صورت میں اپنی ذاتی خدمات کی پیشکش کی ہے ۔ لواحقین کے ساتھ کئے گئے وعدے کے مطابق ون ونڈو آپریشن کے تحت کام کیا جارہا ہے جس کے تحت شناخت کے لئے تمام اداروں سے رابطہ، میتوں کی حوالگی میںمدد اور ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے حصول میں پی آئی اے مکمل مدد فراہم کر رہی ہے ۔

بدھ کو شناخت ہونے والے جسد خاکی میں خالد شیر دل مرحوم بھی شامل ہیں جن کی میت لواحقین کے حوالے کیا گیا ہے۔ پی آئی اے لواحقین کو انٹرنیشنل اور اندرون ملک ٹکٹیں بھی جاری کر رہی ہے اور میتوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کے انتظامات بھی کر رہی ہے ۔واضح رہے کہ ڈی این ٹیسٹ کے ذریعے تشخیص ایک پیچیدہ عمل اور صبر آزمامرحلہ ہے جس کی حساسیت کی وجہ سے میتوں کی شناخت میں وقت لگ رہا ہے ۔ لواحقین کے دکھ اور غم کا ہمیں احساس ہے اور ہم ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں کہ ان کو کم از کم زحمت ہو۔ترجمان نے اپیل کی ہے کہ جب تک تحقیقات کا عمل مکمل نہ ہوجائے اور اس کی رپورٹ نہ آجائے کسی قسم کے نتیجہ پر پہنچنا یا اس پر بیان بازی یا سیاسی رسہ کشی غیر ذمہ دار نہ ہو گا۔