برازیل میں کورونا وائرس نے شدت اختیار کر لی

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے باعث 1000 سے زائد ہلاکتیں، مجموعی اموات کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کر گئی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 28 مئی 2020 06:19

برازیل میں کورونا وائرس نے شدت اختیار کر لی
برازیلیہ (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 28 مئی 2020ء) برازیل میں کورونا وائرس نے شدت اختیار کر لی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران برازیل میں کورونا کے باعث 1000 سے زائد ہلاکتوں کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 25 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ تفصیلات کے مطابق برازیل میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جا رہی ہے اور اموات کی شرح میں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق برازیل میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے کورونا وائرس نے 1086 جانیں لے لی ہیں جس کے بعد ملک بھر میں مہلک وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 25 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ خبر ایجنسی نے امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ برازیل میں مہلک وائرس سے متاثرین کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔

(جاری ہے)

برازیل میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی موجودہ تعداد اٹلی، جرمنی، روس، برطانیہ سے متاثرہ ممالک کی تعداد سے بھی زیادہ ہو چکی ہے۔ تازہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ برازیل امریکہ کے بعد دنیا کا دوسرا بڑا ملک ہے جو کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہو رہا ہے۔ 
کورونا سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے عالمی میٹر کے مطابق برازیل میں اب تک 1 لاکھ 60 ہزار سے زائد کورونا کے مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ متاثرین میں سے 8 ہزار کے قریب افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے خطرات کے پیش نظر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برازیل سے غیر ملکیوں کے امریکہ آنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری کیلی میک میکنی کے مطابق غیر امریکی جو 14 دن کے عرصے میں برازیل میں قیام کر چکے ہیں وہ تا حکم ثانی امریکہ نہیں آ سکیں گے۔ پریس سیکریٹری کے مطابق اس نئی پابندی سے امریکہ برازیل کے مابین تجارت ہرگز متاثر نہیں ہو گی۔