عالمی بینک کوروناوائرس کی وباء کے تناظرمیں انسانی سرمایہ کے تحفظ کیلئے پالیسی اصلاحات متعارف کرانے میں معاونت فراہم کرے گا، کنٹری ڈائریکٹر

جمعرات 28 مئی 2020 11:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) عالمی بینک کورونا وائرس کے عالمگیروباء کے اثرات کے تناظرمیں پاکستان کوصحت عامہ، تعلیم، خواتین کیلئے اقتصادی مواقع کی فراہمی اورسماجی تحفظ کے نظام کومضبوط بنانے میں معاونت فراہم کررہاہے ۔ عالمی بینک سیکورنگ ہیومن انویسٹمنٹ ٹو فوسٹرٹرانسفرمیشن (شفٹ) پروگرام کے تحت کوروناوائرس کی وباء کے تناظرمیں انسانی سرمایہ کے تحفظ کیلئے پالیسی اصلاحات متعارف کرانے میں معاونت فراہم کرے گا ۔

پروگرام کے تحت پولیو اوردیگربیماریوں کی روک تھام میں وفاق اورصوبوں کے درمیان رابطہ کاری کو فروغ دیا جائے گا۔ شفٹ پروگرام کے زریعہ ایک کروڑ 20 لاکھ افراد کو امداد کی فراہمی کے ضمن میں حکومت پاکستان کے سماجی تحفظ کے پروگراموں میں بھی معاونت فراہم کی جائیگی۔

(جاری ہے)

پاکستان میں عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹرالانگوپیچوموتونے بتایا کہ کورونا وائرس کی وباء سے پاکستان میں معمول کی زندگی متاثرہوئی ہے، اس سے نہ صرف اقتصادی سرگرمیوں بلکہ انسانی سرمایہ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پروگرام سے صحت عامہ اورسماجی تحفظ کے حوالہ سے خدمات کی عالمگیریت کی اہمیت اجاگر ہوتی ہے۔پروگرام کی ٹاسک ٹیم کی لیڈر کرسٹیناپناسکو سانتوز نے بتایا کہ پاکستان کی کورونا وائرس کی وبا کے اثرات کو کم کرنے کی اہلیت و اہمیت کا انحصاراس بات پرہے کہ وہ (پاکستان) کتنے کم عرصہ میں موثرطریقے سے سماجی تحفظ کے پروگرام کو معاشرے کے پسماندہ اورغریب طبقات تک پہنچانے میں کامیابی حاصل کرتاہے۔

انہوں نے کہاکہ عالمی بینک کے اس پروگرام سے احساس پروگرام اورصوبائی حکومتوں کے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو مربوط بنانے اوراس کے ثمرات معاشرے کے ٖغریب اورکمزورطبقات تک پہنچانے میں مدد ملیگی۔ اس پروگرام کیلئے انٹرنیشل ڈیولپمنٹ ایسوسی ایشن مالی معاونت فراہم کرے گی ، پروگرام کی میچوریٹی کی مدت 30 سال ہے جس میں 5 سال کی رعایتی مدت بھی شامل ہے۔