کورونا وائرس سے غیر ملکی متاثرین کی شرح کم ہونے لگی ہے، سعودی وزارت صحت

جمعرات 28 مئی 2020 14:10

کورونا وائرس سے غیر ملکی متاثرین کی شرح کم ہونے لگی ہے، سعودی وزارت ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) سعودی وزارت صحت نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکیوں میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی شرح کم ہونے لگی ہے۔ سعودی نشریاتی ادارے کے مطابق وزارت صحت نے جاری بیان میں کہا ہے کہ تارکین وطن میں کورونا کے نئے کیسز کی شرح 55 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ اس سے قبل متاثرہ غیر ملکی کیسز کی شرح 82 فیصد کو عبور کر گئی تھی تاہم کورونا وائرس سے متاثر سعودیوں کا تناسب 17 فیصد سے بڑھ کر 45 فیصد تک پہنچ گیا ہے۔

غیرملکی ورکرز میں وائرس سے متاثر ہونے کا تناسب کم ہونے کی بڑی وجہ ورکرز کے رہائشی مراکز پر ایکٹیو کورونا ٹیسٹ مہم ہے۔ سعودی حکام نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ورکرز کے کیمپس پہنچ کر کورونا ٹیسٹ مہم بڑے پیمانے پر چلائی ہے۔

(جاری ہے)

وزارت بلدیات و دیہی امور نے ملک کے تمام 13صوبوں کے گورنریٹس کے تعاون سے غیرملکی ورکرز کے لیے ایسی رہائش کا بندوبست کرایا جہاں سماجی فاصلے کا اصول موثر تھا مثلا غیرملکیوں کو ہوٹلوں اور سکولوں میں ٹھہرایا گیا ان کے لیے رہائشی کیمپ قائم کیے گئے، متعدد عمارتیں کرائے پر حاصل کی گئیں۔

دریں اثنا وزارت صحت کے ترجمان نے بریفنگ میں کہا کہ دنیا بھر میں کورونا کے تشویش ناک کیسز کا تناسب پانچ سے دس فیصد تک ہے، بیشتر ممالک میں یہ تناسب پانچ فیصد ہے جبکہ کئی ملک میں یہ تناسب 10 فیصد تک ہے۔