جی سیون اجلاس میں شرکت کے بعد جاپانی وزیراعظم متوقع طور پر قرنطینہ میں رہیں گے

جمعرات 28 مئی 2020 14:13

ٹوکیو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) جاپان کی حکومت نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم شنزو ابے آئندہ ماہ امریکا میں ہونے والے جی 7 سربراہان کے اجلاس میں شرکت کرتے ہیں تو وہ وطن واپسی پر 2 ہفتے قرنطینہ میں رہیں گے۔

(جاری ہے)

جاپانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعظم آبے نے کہا ہے کہ اگر حالات اجازت دیں تو وہ جی سیون اجلاس میں شرکت کرنا پسند کریں گے تاکہ کورونا وائرس سے متعلق ادویات اور اسکی ویکسین کی وسیع تر پیمانے پر دستیابی کو یقینی بنانے کے لائحہ عمل کی تخلیق سے متعلق تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

جاپان کی یہ درخواست ہے کہ امریکا سے آنے والا ہر فرد مقررہ مقامات پر خود کو 2 ہفتے کے لیے رضاکارانہ طور پر قرنطینہ میں رکھے تاکہ کورونا وائرس کے مزید پھیلاؤ کو روکنے میں مدد ملے جبکہ خود حکومت کے اندر یہ آواز اٹھائی جا رہی ہے کہ وزیر اعظم آبے بھی باقی شہریوں کی طرح ان اصولوں کا احترام کریں گے۔ واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جون میں واشنگٹن کے قریب یہ اجلاس منعقد کرنا چاہتے ہیں۔