ایم بی بی ایس وبی ڈی ایس سپلیمنٹری امتحانات یکم جون سے شروع ہوں گے

جمعرات 28 مئی 2020 15:01

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز(یو ایچ ایس )کے زیراہتمام میڈیکل اور ڈینٹل کے پروفیشنل سپلیمنٹری امتحانات یکم جون سے شروع ہوں گے۔ جمعرات کو ترجمان یو ایچ ایس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر تمام امتحانی مراکز پر خصوصی انتظامات کیے جائیں گے، امیدوار مقررہ وقت پر اپنے اپنے امتحانی مراکز پر پہنچیں، امیدواروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ فیس ماسک پہن کر امتحانی مرکز پر آئیں، بغیر ماسک امتحان میں بیٹھنے کی اجازت نہیں ہو گی- مزید برآں امیدوار اپنے ساتھ ہینڈ سینیٹائزر کی چھوٹی بوتل لے کر آئیں۔

ہینڈ سینیٹائزر اور ہاتھ دھونے کی سہولت امتحانی مراکز پر بھی فراہم کی جائیگی- تمام امتحانی مراکز پر سماجی فاصلے کا خصوصی خیال رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

ترجمان یو ایچ ایس کے مطابق امتحانی مراکز کے داخلی راستوں پر امیدواروں کی تھرمل سکیننگ ہو گی۔ اس کے علاوہ امتحانی عملے اور نگرانوں کے کورونا آر ٹی پی سی آر ٹیسٹ کیے جارہے ہیں- جو امیدوار ملک سے باہر ہیں یا کورونا کا شکار ہیں، وہ امتحانات سے استثنی کیلئے اپنے کالج کے سربراہ سے رابطہ کرسکتے ہیں-ایسے تمام امیدواروں کیلئے بعد ازاں خصوصی امتحان ہو گا۔

ترجمان یو ایچ ایس کا کہنا تھا کہ بغیر امتحان پاس کیے کسی امیدوار کو اگلی کلاس میں پروموٹ نہیں کیا جائیگا۔امتحانات کے انعقاد کا فیصلہ تمام میڈیکل یونیورسٹیوں کا مشترکہ فیصلہ ہے۔ ترجمان یو ایچ ایس نے خبردار کیا کہ سپلیمنٹری امتحانات کا انعقاد نہ کیا گیا تو امیدوار پچھلی کلاسز میں ہی رہ جائیں گے۔ مزید برآں فائنل ائیر ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے سپلیمنٹری امتحانات فوری نہ کروائے تو امیدوار جولائی میں ہائوس جاب نہیں کرسکیں گے۔

متعلقہ عنوان :