رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے

حالت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لایا گیا جس کے بعد اب رکن پنجاب اسمبلی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے، قریبی ذرائع

Khurram Aniq خُرم انیق جمعرات 28 مئی 2020 16:23

رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے
لاہور(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-28مئی2020ء) رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔ قریبی ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حالت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال لایا گیا جس کے بعد اب رکن پنجاب اسمبلی کو وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے جس کے بعد ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے۔ کوروناو ائرس نے پاکستان میں عام شہریوں کے علاوہ اب سیاسی رہنماؤں کو بھی کورونا سے متاثر کرنا شروع کر دیا ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثرہ ہونے والے سیاستدانوں میں سے بیشر صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ جمعیت علما اسلام کے رکن بلوچستان اسمبلی اور سابق گورنر سید فضل آغا کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے۔ اس کے علاوہ متاثرہونے والوں میں سعید غنی سب سے پہلے سیاستدان ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے تھے، ان کے بعد گورنر سندھ جیسے شخصیات بھی کورونا کا شکار ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

تمام سیاسی شخصیات نے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد خود کو قرنطینہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد وہ تمام صحت یاب ہوتے جا رہے ہیں۔ سیاسی شخصیات کی جانب سے عوام کو اپنی مثال کے ذریعے پیغام دیا جا رہا ہے کہ وہ بھی ان احتیاطی تدابیر کو اپناتے ہوئے اس مہلک وائرس سے بچ سکتے ہیں۔ تا ہم ان تمام اقدامات کے بعد بھی عام شہری ہوں یا سیاستدان، کورونا وائرس کی تباہی کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔

اسی دوران رکن پنجاب اسمبلی شوکت منظور چیمہ کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں جس کے بعد ان کی حالت تشویش ناک بتائی جا رہی ہے اور بتایا گیا ہے کہ انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پاکستان میں اگر مجموعی کیسز کی بات کی جائے تو ابھی تک اموات کی مجموعی تعداد 1240 ہو گئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 60074 تک پہنچ گئی ہے۔ بڑھتے ہوئے کیسزکے بعد حکومت کی جانب سے عوام کو تمام احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی جا رہی ہے۔