لاک ڈائون سے متاثر کئی سو خاندانوں کو اب تک راشن کی فراہمی جاری ہے ،مرکز فلاح پاکستان

جمعرات 28 مئی 2020 16:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2020ء) مرکز فلاح پاکستان کے چیئرمین ملک علیم الدین نے پاکستان کے اہل خیر حضرات سے درد مندانہ اپیل کی ہے کہ دن بدن پریشان حال افراد میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور مفلس اور نادار لوگ مرکز فلاح پاکستان کی طرف روزانہ کی بنیاد پر اپنی عرضیاں جمع کروا رہے ہیں ،مرکز فلاح پاکستان مین کریلہ اسٹاپ نارتھ کراچی کے ارد گرد بیسیوں کچی آبادیاں ہیں جوکہ اس وقت لاک ڈائون کی وجہ شدید متاثر ہیں اور کئی گھرانوں میں اب بھی فاقہ کیسی صورت حال بنی ہوئی ہے ،ان آبادیوں میں مزدور اور دھاڑی دار افراد کثیر تعداد میں آباد ہیں جن کی تعداد لاکھوں افراد پر مشتمل ہے ایسے افراد کے گرد بھوک وافلاس اپنا گھیرا دن بدن تنگ کر رہی ہے اس خطرناک صورت حال سے نمٹنے کے لئے قومی یکجہتی شرط اول ہے ،ہمیں اپنے ان بھائیوں کو بھوک سے بجانا ہے ایسا نا ہو کہ بہت دیر ہوجائے ۔

(جاری ہے)

۔۔اہل پاکستان سے پر زور اپیل ہیکہ وہ ہمارے ادارے مرکز فلاح پاکستان مین کریلہ اسٹاپ نارتھ کراچی میں آکر اہنی آنکھوں سے مشاہدہ کریں بھوک افلاس اور بیروزگار افراد کی حالت زار کو دیکھ کر از خود فیصلہ کریں اور اگر آپ کا دل مطمئن ہو تو پھر خود اپنے ہاتھ سے ایسے افراد کی مدد کریں ہم کسی بھی قسم کی نقد رقم وصول نہیں کرتے مخیر حضرات ہمیں کھانے پینے کی روزمرہ کی اشیا ء فراہم کریں اگرچہ ان کی مقدار قلیل ہی کیوں نا ہو ،ہم سب کو ملکر اپنے ہم وطنوں کو بھوک سے بچانا ہے ۔

ہمارے اطراف کی کچی آبایوں میں لوگ کے لئے پانی کی قلت اور کھانے پینے کی اشیا ناپید ہوتی جارہی ہیں سنگین صورت حال صرف مدد کی راہ تک رہی ہے کوئی اللہ کا بھیجا ہوا فرشتہ صفت انسان آئے اور اللہ کی مخلوق کو اس دوہرے عذاب سے نکالے یا اس کی شدت کو کم کرے ہمارے پاس ضرورت مندوں کی ضرورت کو پورا کرنا ہے اور اس ڈوبتی ہوئی نائو کو بچانا ہے ہمارے پاس راشن کا ذخیرہ قریب قریب ختم ہونے کو ہے اور ضرورت مندوں کی طلب بڑھتی جارہی ہے کچی آبادیوں کا محلہ وقوع سرجانی خود ایک پسماندہ علاقہ ہے اس کے ارد گرد یارو گوٹھ ،مری گوٹھ ،کچرا کونڈی ،نصرت بھٹو کالونی ،لیاری ،خدا کی بستی ،منگھو پیر،رمضان گوٹھ ،عمر گوٹھ ،اور دیگر کچی آبادیاں اور گوٹھ آباد ہیں ،آئیں ہم سب ملکر اپنے ہم وطنوں کو اس کڑے امتحان سے نکالیں ۔