کورونا کی عالمی وباء سے مزید 86 ملین بچے غربت کا شکار ہو سکتے ہیں، رپورٹ

جمعرات 28 مئی 2020 16:37

اقوام متحدہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال (یونیسف) اور بچوں کی برطانوی فلاحی تنظیم سیو دا چلڈرن نے متنبہ کیا ہے کہ کورونا وائرس کے معاشی نتائج کے باعث 2020 کے اختتام تک مزید 86 ملین بچے غربت کا شکار ہو سکتے ہیں۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یونیسف اور برطانوی غیر سرکاری فلاحی تنظیم سیو دا چلڈرن نے جاری کردہ مشترکہ رپورٹ میں کہا کہ دنیا بھر میں مجموعی طور پر رواں سال تک غربت سے 672 ملین بچے متاثر ہوں گے جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 15 فیصد تک اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کی وبا نے دنیا بھر میں ایک بہت بڑے معاشرتی اور اقتصادی بحران کو جنم دیا ہے جس نے بہت سے خاندانوں سے ان کی روزی چھین لی ہے۔ یونیسیف کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈائریکٹر ہنریٹا فورے نے کہا کہ کورونا وباء کے باعث معاشی بحران سے انتہائی غریب ممالک اور کمزور بچے بھوک اور غذائی قلت کا شکار ہیں اور یہ ممکنہ طور پر ان کی پوری زندگی پر اثرانداز ہوگا۔ انہوں نے حکومتوں پر زور دیا کہ وہ بچوں پر کورونا وباء کے اثرات کو محدود کرنے کے لیے فوری اور جامع اقدامات کریں اور اس سلسلہ میں اپنے سوشل سکیورٹی سسٹم اورسکولوں میں کھانے پینے کی اشیاء کی فراہمی کا دائرہ کار وسیع کریں۔