طیارہ حادثے کے ڈی این اے ٹیسٹ 6 تا 8 دن میں مکمل ہو جائینگے، اقبال چوہدری

ہمارے پاس دنیا کی دیگر لیباریٹریز کے معیار کے مطابق کام ہو رہا ہے،ڈائریکٹر سینٹر فارکیمیکل اینڈ بائیولوجیکل سائنس

جمعرات 28 مئی 2020 18:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2020ء) انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولاجیکل سائنس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے کے جاں بحق تمام افراد کے ڈی این اے 6 سے 8 دنوں میں مکمل کر لیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انٹرنیشنل سینٹر فار کیمیکل اینڈ بائیولاجیکل سائنس جامعہ کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ طیارہ حادثے کے ڈی این اے ٹیسٹ کے لیے تمام تر انتظامات موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 12 ڈی این اے میچ ہوچکے ہیں، ہمارے پاس دنیا کے دیگر لیباریٹریز کے معیار کے مطابق کام ہو رہا ہے۔ڈائریکٹر آئی سی سی بی ایس کا مزید کہنا ہے کہ ہماری ٹیم 24 گھنٹے ڈی این اے پروفائلنگ میں مصروف ہے، وزیرِصحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو ڈی این اے کے معاملے پر مسلسل رابطے میں ہیں۔ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ ہم محکمہ صحت سندھ کی ٹاپ کلاس لیباریٹری کے طور پر کام کر رہے ہیں۔