وفاقی وزیر اسدعمر کی زیرصدارت این سی او سی میں کورونا وباء کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس

ہسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے حوالے سے تازہ ترین ڈیجیٹل معلومات دستیاب کی جائیں تا کہ لوگ علاج کیلئے جگہ کا انتخاب خود کر سکیں، وفاقی وزیر اسد عمر

جمعرات 28 مئی 2020 19:12

وفاقی وزیر اسدعمر کی زیرصدارت این سی او سی میں کورونا وباء کی صورتحال ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی وخصوصی اقدامات اسدعمر نے کہا ہے کہ لوگوں کو ہسپتالوں میں بیڈز اور وینٹی لیٹرز کی دستیابی کے حوالے سے تازہ ترین ڈیجیٹل معلومات دستیاب کی جائیں تا کہ وہ علاج کیلئے جگہ کا انتخاب خود کر سکیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) کو بتایا گیا کہ ملکی ہسپتالوں میں کورونا وائرس کے مریضوں کے داخلے اور ہسپتال میں بیڈز اور وینٹی لیٹر ز کی کمی نہیں ہے،زیادہ تر مریض ہوم آئسولیشن کو ترجیح دے رہے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) میں جمعرات کو کورونا وبا صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اجلاس کی صدرات کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات اسد عمر نے کہا کہ یکم جون کو این سی سی کے اجلاس میں ملک میں کورونا وائرس کے حوالے سے جون کے مہینے کے لیے فیصلے کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

این سی او سی کوبتایا گیاکہ پورے ملک میں حکومت نے کورونا وائرس کے حوالے سے تسلی بخش اقدامات کے لیے کوششیں کی ہیں۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات اسد عمر نے کہاکہ ملک میں وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں اور اس میں مزید بہتری لائی جائے۔ انہوں نے تمام صوبوں کو ہفتے کے روز تک اپنی تمام سفارشات این سی او سی کو پہنچانے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ، وزیراعظم کے معاون صحت ڈاکٹر ظفر مرزا، وزیر اعظم کے کورونا وائرس کے فو کل پرسن ڈاکٹر فیصل سلطان، کوآرڈینیٹر این سی او سی لیفٹیننٹ جنرل حمودا لزمان خان، صوبائی چیف سیکرٹریز، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان کے نمائندگان سمیت اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔