وزیراعلی پنجاب سے ملتان میں رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگرکی ملاقات ، ترقیاتی پیکیج پر تبادلہ خیال

کورونا کے ساتھ’’ ٹڈی دل‘‘ کا چیلنج بھی درپیش ہے ،اس کے خلاف کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی گئی ہے،موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے’’ ٹڈی دل ‘‘کا کردار ادا کررہی ہے،عثمان بزدار

جمعرات 28 مئی 2020 20:27

وزیراعلی پنجاب سے ملتان میں رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگرکی ملاقات ، ترقیاتی ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملتان میں رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر اور منتخب نمائندوں نے ملاقات کی۔عامر ڈوگر اور عوامی نمائندوں نے وزیر اعلی عثمان بزدار کو عید کی مبارکباد دی۔ملاقات میں ملتان کے ترقیاتی پیکیج کے تحت مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بات چیت اور کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب میں کورونا سے نمٹنے کیلئے سیاسی و انتظامی ٹیم متحرک ہے ، کورونا کے ساتھ’’ ٹڈی دل‘‘ کا چیلنج بھی درپیش ہے ، کورونا اور’’ ٹڈی دل‘‘ کیخلاف کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی گئی ہے ،کورونا کیخلاف کامیابی کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کرنا چاہیے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کورونا سے خوفزدہ اپوزیشن رہنمائوں نے اہم ترین مسئلے پر بھی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ، موجودہ حالات میں اپوزیشن سیاست کے’’ ٹڈی دل ‘‘کا کردار ادا کررہی ہے، پاکستانی قوم اپوزیشن رہنمائوں کے منفی رویے سے مایوس ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن کورونا پر بھی سیاست چمکانے سے باز نہیں آئی، حکومت کے بروقت اورمثبت اقدامات کو شہریوںنے سراہا ہے، بد قسمتی سے اپوزیشن کے پاس کورونا سے نمٹنے کا کوئی پلان نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ یہ عناصر ماضی کی طرح صرف بلند وبانگ دعوے ہی کررہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں کورونا ،ٹڈی دل اور دیگر چیلنجز سے نمٹ رہے ہیں، عوام کے تعاون سے ہر چیلنج پر قابو پائیں گے۔