جیکب آباد:جے یو آئی اور جے ٹی آئی کی جانب سے شہر میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

تپتی دھوپ میں دھرنا، سول سوسائٹی، صحافیوں، وکلاء اور بیوپاریوں پر مشتمل واٹر مینجمنٹ بورڈ بنانے کا مطالبہ

جمعرات 28 مئی 2020 22:34

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 مئی2020ء) جے یو آئی اور جے ٹی آئی کی جانب سے شہر میں پینے کے پانی کی عدم فراہمی، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، تپتی دھوپ میں دھرنا، سول سوسائٹی، صحافیوں، وکلاء اور بیوپاریوں پر مشتمل واٹر مینجمنٹ بورڈ بنانے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جمعیت علمائے اسلام اور جمعیت طلبائ اسلام کی جانب سے جیکب آباد میں سوا دو ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہونے والی میگا واٹر سپلائی اسکیم سے شہریوں کو پانی کی عدم فراہمی کے خلاف ایک احتجاجی جلوس جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری،نائب امیر مولانا فدا احمد ڈول، تعلقہ امیر حافظ میر محمد بنگلانی، مولانا عبدالجبار رند، سٹی فورم کے صدر حماداللہ انصاری، ختم نبوت کے ضلعی صدر مولانا تاج محمد چنا، جے ٹی آئی کے غلام مرتضیٰ حیدری، تاج محمود امروٹی، ای پی سی کے محمد شعبان ابڑو، نیشنل پارٹی کے ممتاز علی برڑو، کرسچن کمیونٹی کے رہنما برونر بی نیوٹن ٹونی، اقلیتی رہنما دلیپ کمار و دیگر تنظیموں کے رہنماؤں کی قیادت میں دفتر جے یو آئی سے نکالا گیامظاہرے میں سیاسی سماجی دینی و بیوپاری تنظیموں اور بڑی تعداد میں شہریوں اور کارکنوں نے شرکت کی، مظاہرین کے ہاتھوں میں بینر اور پلے کارڈز تھے جن پر شہریوں کو پانی فراہم کرو، بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرو، جعلی ڈومیسائل ختم کرو جیسے نعرے درج تھے، مظاہرین شہر کے مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے شہر کے اہم ڈی سی چوک اور بعد پریس کلب کے سامنے پہنچے جہاں مظاہرین نے تپتی دھوپ میں دھرنا دیا اور شہر کے مسائل پرنعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سوا دو ارب روپے کی پینے کے پانی کی میگا اسکیم مکمل ہونے کے باوجود شہریوں کو پانی فراہم نہ کرنا افسوسناک ہے انہوں نے کہا کہ 20 ہزار شہریوں نے کنکشن بھی حاصل کئے ہیں مگر اس کے باوجود پانی کی فراہمی جاری نہیں کی جارہی انہوں نے کہا کہ اس میگا اسکیم کو ناکام کرنے کی سازش کی جارہی ہے، اس موقع پر مطالبہ کیا گیا کہ واٹر سپلائی اسکیم کو مستقل بہتر انداز میں چلانے کیلئے سول سوسائٹی، صحافیوں، وکلا، بیوپاریوں پرمشتمل واٹر مینجمنٹ بورڈ بنایا جائے، رہنماؤں نے مزید کہا کہ جیکب آباد ایشیائ کا گرم ترین علاقہ ہے مگر اس کے باوجود 12 سے 14 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے جس کی وجہ سے شہری عذاب میں مبتلا ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہریوں کو پانی فراہم کیا جائے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے اور جعلی ڈومیسائل ختم کئے جائیں۔