Live Updates

آج کے دن 28 مئی کو پاکستان ایٹمی قوت بنا، یوم تکبیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ عزم اور ہمت سے ہم جس منزل کو حاصل کرنا چاہیں وہ حاصل کر سکتے ہیں، ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،

حکومت نے بہترین حکمت عملی سے کوویڈ 19 کو منظم انداز میں کنٹرول کیا،ہماری سمت درست ہے،، ٹڈی دل کو بھی کنٹرول کریں گے جس کے لئے قومی سیل قائم کر رہے ہیں، افریقہ سے ٹڈی دل کی مزید کھیپ کے خدشہ کے پیش نظر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، وقت نے ثابت کیا کہ لاک ڈائون کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے اس لئے مزید لاک ڈائون کا فی الحال کوئی امکان نہیں جو لوگ کورونا اور ٹڈی دل پر سیاست کر رہے ہیں ان کا مقصد اپنی بدعنوانی کو چھپانا ہے۔ اگلے آٹھ سے دس دن میں شوگر رپورٹ کی عملی صورت سامنے آ جائے گی جتنے بھی مافیاز ہیں ان سے سختی سے نمٹنا جائے گا وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا پریس کانفرنس سے خطاب

جمعرات 28 مئی 2020 23:46

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مئی2020ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ آج کے دن 28 مئی کو پاکستان ایٹمی قوت بنا، یوم تکبیر اس عہد کی تجدید کا دن ہے کہ عزم اور ہمت سے ہم جس منزل کو حاصل کرنا چاہیں وہ حاصل کر سکتے ہیں، ہماری امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے، حکومت نے بہترین حکمت عملی سے کوویڈ 19 کو منظم انداز میں کنٹرول کیا،ہماری سمت درست ہے،، ٹڈی دل کو بھی کنٹرول کریں گے جس کے لئے قومی سیل قائم کر رہے ہیں، افریقہ سے ٹڈی دل کی مزید کھیپ کے خدشہ کے پیش نظر تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، وقت نے ثابت کیا کہ لاک ڈائون کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے اس لئے مزید لاک ڈائون کا فی الحال کوئی امکان نہیں جو لوگ کورونا اور ٹڈی دل پر سیاست کر رہے ہیں ان کا مقصد اپنی بدعنوانی کو چھپانا ہے۔

(جاری ہے)

اگلے آٹھ سے دس دن میں شوگر رپورٹ کی عملی صورت سامنے آ جائے گی جتنے بھی مافیاز ہیں ان سے سختی سے نمٹنا جائے گا۔ جمعرات کو یہاں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2013ء میں جب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو ان کے وزیر خزانہ اسحق ڈار، جو آج کل ملک سے فرار ہیں، نے پہلے ہی دن آئی پی پیز کے 486 ارب روپے جاری کر دیئے، پی ایم ایل این نے کوئی بھی کام کسی مفاد کے بغیر نہیں کیا، شاہد خاقان عباسی نے بھی اپنی وفاداری خوب نبھائی اور ملک اور عوام کا کوئی خیال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ سلمان شہباز کے والد اپنے بیٹے کو ملک سے بھگانے میں مددگار بن کر شوگر ڈیڈی بن گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف معیشت ہے اور دوسری جانب انسانی جانیں اور وزیراعظم عمران خان کو عام آدمی کی مشکلات کا احساس ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہترین حکمت عملی اختیار کی تاکہ معیشت چلے اور اس کے لئے موثر حکمت عملی کی روشنی میں ایس او پیز بنائے گئے تاکہ وباء پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ عام آدمی کی مشکلات بھی کم ہو سکیں۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی بھی وباء یا بیماری کی شدت کا اندازہ اس سے ہونے والی اموات سے لگایا جاتا ہے اور اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کورونا سے ہونے والی اموات کی شرح ہمارے خدشات اور بھارت و دیگر ممالک سے بہت کم ہیں جو بہترین حکمت عملی اور اللہ کی مدد سے ممکن ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہروں یا ہسپتالوں میں مریض جانا زیادہ پسند کرتے ہیں اس لئے شہر کے ہسپتالوں میں 60 سے 65 فیصد گنجائش مکمل ہو چکی ہے لیکن باقی علاقوں کے ہسپتالوں میں صورتحال بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس حکمت عملی سے کوویڈ 19 سے نبرد آزما ہوئے ہیں، ٹڈی دل کا بھی بھرپور مقابلہ کریں گے جس کے لئے ایک قومی سیل قائم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ افریقہ سے ٹڈی دل کی ایک اور کھیپ آنے والی ہے اس کے لئے بھی این ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں نے تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں اور سپرے کی دستیابی اور ترسیل کے انتظامات بھی مکمل کر رکھے ہیں، 9 میں سے 6 جہاز مکمل تیار ہیں باقی ماندہ تین جہاز بھی جلد تیار ہو جائیں گے تاکہ بروقت فوری اور بھرپور طریقے سے ٹڈی دل سے نمٹا جا سکے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ ثابت قدم رہیں، امید ہے کہ ہمیں اللہ تعالیٰ اس المیے سے بھی نجات دے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں معاونین خصوصی کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اثاثہ جات ظاہر کریں۔ انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ تو خود بدعنوانی کے بینی فشری ہیں، کون نہیں جانتا کہ اومنی گروپ کے بینی فشری کون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان وہ شخصیت ہیں جن کے کسی اپنے نے بھی فائدہ لیا تو انہوں نے اسے پارٹی سے الگ کیا، یہاں تک کہ اپنے کزن ماجد خان کو بھی پارٹی سے ہٹایا، شوکت خانم کی شفافیت کی مثال سب کے سامنے ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیگر جماعتوں کی طرح یہ کوئی وراثتی پارٹی نہیں جس کے کسی خاندان کا فرد دوسرے کی جگہ لے لیتا ہے۔ وزیراعظم عمران خان جو عزم کرتے ہیں اسے پورا کرتے ہیں اور یہی ان کی کامیابی کی وجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے، اس لئے یہ بات طے ہے کہ ملک کی معیشت نے چلنا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سب نے دیکھا ہے کہ لاک ڈائون کرنے کی وجہ سے بھارت میں نریندر مودی کو کتنے جوتے پڑ رہے ہیں اور پڑنے بھی چاہئیں کیونکہ وقت نے ثابت کیا ہے کہ لاک ڈائون کی پالیسی ناکام ہو چکی ہے اس لئے لاک ڈائون کا فی الحال کوئی امکان نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگلے آٹھ سے دس دن میں شوگر رپورٹ کی عملی صورت سامنے آ جائے گی جتنے بھی مافیاز ہیں ان سے سختی سے نمٹنا جائے گا۔ وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کوویڈ 19 کے حوالے سے روزانہ کی بنیاد پر ہر پہلو سے اعداد و شمار اکٹھے کئے جا رہے ہیں اور عوام تک پہنچائے جا رہے ہیں، وسائل، ہسپتال، ڈاکٹرز، ادویات کی کوئی قلت نہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ کوویڈ 19 اور ٹڈی دل پر سیاست کر رہے ہیں وہ ان کی بدعنوانی کو چھپانے کی کوشش ہے لیکن ایسا نہیں ہو گا، شہباز شریف لندن سے اسی مقصد کے لئے آئے تھے، بلاول بھٹو چاہتے ہیں کہ لاک ڈائون ہو جائے اور عوام کی ہڈیوں کو بھی نچوڑ لیا جائے، وزیراعظم عمران خان 24 گھنٹے کام کر رہے ہیں اور ملک کو بہتری کی طرف لے جانے کے لئے ہر ممکن کوشش بروئے کار لا رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چین نے قانون کی پاسداری اور احساس ذمہ داری سے وباء کو مزید پھیلنے سے روکا لیکن بدقسمتی سے ہم نے اس طرح ذمہ داری کا احساس نہیں کیا اور وہ احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں جن پر ہم اب بھی عمل کر لیں تو بہت جلد اس وباء سے نجات حاصل کر سکتے ہیں۔ شبلی فراز نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے کوویڈ 19 کے نام پر سیاست کی اور وفاق کو بدنام کرنے کی کوشش کی اور وہ اب بھی ٹڈی دل اور کوویڈ 19 پر سیاست کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ سے پاکستان تحریک انصاف نے 14 سیٹیں لی ہیں ہم سندھ کو کیوں کر نظر انداز کریں گے، وزیراعظم عمران خان قومی سوچ رکھتے ہیں، سندھ ہماری جان ہے اور ہم سندھ کو ایک ہی آنکھ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو کسی سے کوئی خطرہ نہیں اور وہ اپنی مدت پوری کرے گی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات