مئی 1998 ء کو ایٹمی دھماکہ کرنے سے پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیا ‘ لیاقت بلوچ

پاکستان کا دفاع مضبوط ہو گیا،بھارتی جارحانہ ، توسیع پسندانہ ، شیطانی عزائم کو لگام ڈال دی گئی‘نائب امیر جماعت اسلامی

جمعرات 28 مئی 2020 23:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2020ء) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 ء کو ایٹمی دھماکہ کرنے سے پاکستان عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بن گیا اور پاکستان کا دفاع بھی بہت مضبوط ہو گیا ۔اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ بھارتی جارحانہ ، توسیع پسندانہ ، شیطانی عزائم کو لگام ڈال دی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم ڈاکٹر عبد القدیر خان ، ڈاکٹر ثمر مبارک مند ، ڈاکٹر اشفاق احمد ، ڈاکٹر منیر احمد خان اور ایٹمی سائنسدانوں کی ٹیم کو سلام پیش کرتی ہے ۔

ذوالفقار علی بھٹو ، جنرل محمد ضیاء الحق ، غلام اسحاق خان ، بے نظیر بھٹو ، میاں محمد نواز شریف اور اعلیٰ فوجی و سول قیادت نے استقامت سے ایٹمی توانائی حاصل کرنے کا عمل جاری رکھا اور بیرونی دباؤ کے سامنے نہ جھک کر اپنا دفاع ناقابل تسخیر بنا لیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت حاصل ہونے کے باوجود کرپشن دھماکوں نے قومی وقار ، عزت اور خود مختاری کو خاک میں ملا دیا،نا اہلی ، مفاد پرستی اور کرپشن کی وجہ سے پاکستان عالمی قوتوں اور عالمی مالیاتی اداروں کا دست نگر بنا ہوا ہے،ہر طرح کے بیرونی دباؤ سے آزاد ہونے کے لیے خود انحصاری ، اسلام کی حکمرانی ،اسلام کے معاشی نظام کا راستہ اختیار کرنا ہو گا ۔

22 کروڑ عوام کو متحد کر لیا جائے اور خدا داد صلاحیتوں کا بہترین استعمال ہو جائے تو ترقی ، استحکام اور خودداری آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آٹا ، چینی سکینڈل رپورٹ آ گئی ، ہو شربا حقائق منظر عام پر آئے ہیں لیکن کمیشن نے وزیر اعظم عمران خان ، وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو تحفظ دے کر رپورٹ کو متنازع بنا دیا ۔ رپورٹ کے مطابق اب حکومت کے لیے چیلنج ہے کہ عمل کرے اور سپریم کورٹ آف پاکستان سبسڈی دینے کے حکم پر وزیر اعظم ، وزیر اعلیٰ پنجاب کے کردارکا تعین کرے ۔