وزیراعظم، مشیر خزانہ ودیگر اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سے وابستہ کاروباری طبقے کو فوری ریلیف دینے کے اقدام کریں ، دولت رام لوہانہ

جمعرات 28 مئی 2020 23:58

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2020ء) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر دولت رام لوہانہ نے وفاقی حکومت کی جانب سے تاجر برادری کو 5 کلو واٹ سے 75 کلو واٹ تک کمرشل بجلی صارفین کو چھوٹ دے کر 2019ء کے مطابق مئی، جون اور جولائی 2019ء تک ادا کردہ بلوں کے برابر رقوم صارفین کے اکائونٹس میں کریڈٹ کردیئے گئے ہیں جو کمرشل صارفین کے لئے ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے لیکن اِس سلسلے میں مزید سہولتیں درکار ہوں گی تاکہ بزنس کمیونٹی گذشتہ دِنوں لاک ڈائون کے دوران نقصان کا ازالہ ممکن ہوسکے، ایک بیان میں دولت رام لوہانی نے کہا کہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز کو ریلیف کے سلسلے میں حکومت کی جانب سے کم سے کم شرح سود پر قرضہ جات کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن تا حال اِس قسم کی پالیسی کا انتظار ہے تاکہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز جو موجودہ حالات میں بُری طرح زیر بار ہوچکی ہے اُس کو سہولتیں اور ریلیف میسّر آسکے، اُنہوں نے وزیر اعظم عمران خان، وفاقی وزیر پاور عمر ایوب خان، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود اور گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز سے وابستہ کاروباری طبقے کو فوری ریلیف دینے کے اقدام کریں تاکہ وہ اپنے پائوں پر کھڑے ہوں اور صنعت و تجارت کے فروغ میں اپنا مثبت کردار ادا کرنے کے قابل ہوسکیں۔