بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوم میں یکجہتی اور جذبہ جہاد کی موجودگی ضروری ہے، ڈاکٹر فرید احمد پراچہ

جمعہ 29 مئی 2020 12:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) جماعت اسلامی پاکستان کے رہنما ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کے مقابلے میں پوری قوم میں یکجہتی اور جذبہ جہاد کی موجودگی ضروری ہے، مودی سرکار تیزی سے تباہی کے گڑھے کی طرف بڑھ رہی ہے۔جاری بیان میں فرید احمد پراچہ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے لیے بھی سا لمیت وطن اور آزادی کشمیر کے ایجنڈے پر قومی یکجہتی کا بے مثال اظہار لازمی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ مودی حکومت اپنے متعصبانہ ایجنڈے کی وجہ سے محدود ہوتی جارہی ہے ۔ بھارت چین، نیپال ، بنگلہ دیش اور خود پاکستان کے خلاف جارحانہ اقدامات کر رہاہے اور مودی سرکار تیزی سے تباہی کے گڑھے کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ اس موقع پر پاکستان کی طرف سے بھارت کو دندان شکن جواب ملناچاہیے ۔ حکومت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائے جہاں مشترکہ دفاعی حکمت عملی طے کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت میڈیا کے ذریعے ملی جذبات کی آبیاری کی حکمت عملی طے کر کے اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔