کورونا کی عالمی وباء کے حوالے سے دبئی سے ایک اور پرواز 149اوورسیز پاکستانیوں کو لے کر فیصل آباد پہنچ گئی،

مختلف مقامات پر کورنٹائن کئے جانے والے مسافروں کے کورونا وائرس ٹیسٹ آج لئے جائیں گے، ترجمان فیصل آباد ضلعی انتظامیہ

جمعہ 29 مئی 2020 14:53

کورونا کی عالمی وباء کے حوالے سے دبئی سے ایک اور پرواز 149اوورسیز پاکستانیوں ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) کورونا کی عالمی وباء کے حوالے سے سمندر پار پاکستانیوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے اوردبئی سے ایک اور پرواز 149اوورسیز پاکستانیوں کو لے کر فیصل آباد پہنچ گئی ہے جنہیں مختلف مقامات پر کورنٹائن کردیاگیا ہے اور مذکورہ مسافروں کے کورونا وائرس ٹیسٹ آج ہفتہ کے روز لئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے جمعہ کے روز اے پی پی کو بتایاکہ جو 149مسافر دبئی سے فیصل آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچے ہیں ان میں سے 99 مسافر وں کوپارس کیمپس،22 کوہوٹل ون،12کو ہوٹل راج ون،13کو لارڈ ان ہوٹل،2 کولاہور میں ہوم کورنٹائن اور ایک مسافرکو فیصل آباد میں ہوم کورنٹائن کیاگیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ مذکورہ افراد کے سیمپلز آج لئے جائیں گے اور جن افراد کی ٹیسٹ رپورٹس نیگیٹو آئیں گی انہیں گھروں کو جانے کی اجازت دے دی جائے گی تاہم انہیں احتیاطی وحفاظتی تدابیر کے تحت 14روز تک گھروں میں کورنٹائن رہنا ہوگا نیز جن افراد کے ٹیسٹ پازیٹو آئے انہیں کورنٹائن سینٹرز میں ہی رکھاجائے گا اور 14روز گزرنے کے بعد ان کے ایک بار پھر ٹیسٹ لئے جائیں گے جس کی روشنی میں ان کے بارے میں آئندہ کالائحہ عمل طے کیاجائے گا۔