ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے ضلعی سطح پر سپورٹس تنظیموں کو فعال بنانے کی ضرورت ہے، کرنل (ر) آصف ڈار

کھیلوں کی فیڈریشنز میں ہر شخص اپنی کرسی بچانے کے چکر میں ہوتا ہے سفارشی اور پرچی کلچرکو ختم کئے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے، گفتگو

جمعہ 29 مئی 2020 15:08

ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے ضلعی سطح پر سپورٹس تنظیموں کو فعال بنانے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2020ء) پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سابق سیکرٹری جنرل کرنل ریٹائرڈ آصف ڈار نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے ضلعی سطح پر سپورٹس تنظیموں کو فعال بنانے کی ضرورت ہے۔گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آجکل ضلعی سطح پر کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد نہ ہونے کے برابر ہے اور نہ کوئی خاص سپورٹس تنظیمیں باقاعدگی سے کھیلوں کی سرگرمیاں کا انعقاد کروا رہی ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گراس روٹ سطح پر جب کھیلوں کی سرگرمیاں منعقد نہیں ہونگی تو نیا ٹیلنٹ کیسے سامنے آئے گا، کھیلوں کے ٹیلنٹ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب انہوں نے کہا کہ آج سے کئی دہائیاں قبل اگر ایک اندازہ لگایا جائے تو ملک کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود تھا 1976ء کے اولمپک گیمز میں فیصل آباد کے چھ کھلاڑیوں نے قومی ہاکی ٹیم میں پاکستان کی نمائندگی کی جن میں رائو سلیم ناظم، سلیم شیروانی، قمر ضیاء ، منظور الحسن، اختر رسول اور مرحوم ارشد چوہدری شامل تھے، لیکن ابھی بھی کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ اس ٹیلنٹ پر توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن توجہ کون دے سکتا توجہ وہ ہی دے سکتا ہے جو اس فیلڈ کو جانتا ہو اور جس کا اس کھیل متعلق تجربہ ہو، انہوں نے کہا کہ جب تک بنیادی سطح پر کھیلوں کے فروغ کے لئے اقدامات نہیں اٹھائیں گے تو اس وقت تک ملک میں کھیل ترقی نہیں کر سکتے، تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے اور تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے تجربہ کار استادوں کو تعینات کرنا چاہئے، انہوں نے کہا کہ کھیلوں کی فیڈریشنز میں ہر شخص اپنی کرسی بچانے کے چکر میں ہوتا ہے سفارشی اور پرچی کلچرکو ختم کئے بغیر کھیلوں کی ترقی ناممکن ہے۔