کورونا وائرس ، اقوام متحدہ کی 26 ویں ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس آئندہ سال نومبر تک ملتوی

جمعہ 29 مئی 2020 17:03

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) اقوام متحدہ نے کورونا وائرس کے باعث رواں سال منعقد ہونے والی 26 ویں ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس کو آئندہ سال نومبر تک ملتوی کر دیا ہے۔ اس کانفرنس کو سی او پی 26 کے نام سے بھی جانا جاتا ہے جو سکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں ہو گا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ نے کانفرنس ملتوی کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کانفرنس طے شدہ شیڈول کے مطابق رواں سال 9نومبر کو ہونا تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث اسے آئندہ سال یکم نومبر تک ملتوی کر دیا گیا ہے جو 12 نومبر تک جاری رہے گی ۔

کانفرنس میں 196 ممالک کے شرکت کرنے کا امکان ہے۔ سی او پی 26 کے صدر الوک شرما نے کہا کہ اگرچہ اس وقت ہمیں کورونا وائرس سے نمٹنے پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے لیکن ہمیں ماحولیاتی تبدیلی کے سب سے بڑے چیلنج کو بھی نہیں بھولنا چاہیے لہذا ہم عالمی ماحولیاتی تبدیلی کے روڈ میپ پر بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور یہی نہیں ہر ملک کو ماحولیاتی تبدیلی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے اپنے عزائم کو تقویت دینی ہو گی۔

(جاری ہے)

الوک شرما نے کہا کہ کانفرنس میں تاخیر سے ممالک کو موسمیاتی تبدیلیوں کو ترجیح دیتے ہوئے معیشتوں کی دوبارہ بحالی کے لیے مزید وقت ملے گا۔ بلاک کے کم ترقی یافتہ ممالک کے مذاکرات کاروں نے حکومتوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ مضبوط ماحولیاتی منصوبوں میں تاخیر کے لئے وبائی مرض کا استعمال نہ کریں بلکہ معیشتوں کی بحالی کے ساتھ ساتھ ہی قابل تجدید توانائی ، تحفظ اور گرین ہائوس گیسوں کے اخراج میں فوری کمی کے لیے دیگر سبز اقدامات کو بڑھاوا دیں۔