شہریوں کی سہولت کیلئے اتوار بازار کو کھول دیا گیا ہے ،

حکومت کی طرف سے جب تک کوئی نیا حکم نہیں آتا بازار کھلا رہے گا، دکاندار کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کی اتوار بازار کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 29 مئی 2020 17:16

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ شہریوں کی سہولت کیلئے اتوار بازار کو کھول دیا گیا ہے جب تک حکومت کی طرف سے کوئی نیا آرڈر نہیں آتا بازار کھلا رہے گا، دکاندار کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو اتوار بازار کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ای ڈی بازار ملک مظہر سعید، چیف انسپکٹر حیدر امام اور میڈیا کوآرڈینیٹر سیّد محسن شیرازی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ میئر اسلام آباد نے کہا کہ اتوار بازار کھول دیا گیا ہے اور کوشش ہے کہ ایس او پیز پر عملدرآمد کرایا جائے بازار کے 12 گیٹس ہیں، ان تمام گیٹس پر سینیٹائزر گیٹس ایم سی آئی کی طرف سے لگا دیئے گئے ہیں تاکہ ان احتیاطی تدابیر کو اختیار کرکے کورونا وائرس سے بچاؤ ممکن ہو سکے وہاں سے بغیر ماسک اینٹری نہیں ہو گی، دکانوں سے فاصلے کا خیال رکھا جائے گا، بازار میں پرائس کنٹرول کا سسٹم موجود ہے، انتظامیہ اس عمل کو بھی یقینی بناتی ہے کہ ریٹس مناسب ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے آنے کا یہی مقصد ہے کہ ریٹس اور رش کو چیک کروں۔ شیخ انصر عزیز نے کہا کہ گورنمنٹ کی طرف سے جب تک کوئی نیا آرڈر نہیں آتا بازار کھلا رہے گا اور دکاندار کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ کہ جب سے کورونا وائرس کی وباء آئی ہے تب سے ہی ایم سی آئی نے اس سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم اور کلورین واش اور سپرے پورے شہر میں شروع کر دیا تھا اور تمام سیکٹروں میں صفائی کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور ایم سی آئی کا عملہ اس وائرس سے بچاؤ کیلئے دن رات کام کرتا رہا ہے اور اگر ضرورت ہوتی تو عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی جاتی رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :