پاکستان کو ایٹمی طاقت کے ساتھ ساتھ صحت مند قوت بننا وقت کی اہم ضرورت ہے،ڈاکٹرسعید اعوان

جمعہ 29 مئی 2020 18:54

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مئی2020ء) تنظیم پاکستانی کے سربراہ ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایٹمی طاقت کے ساتھ ساتھ صحت مند قوت بننا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ہم سب متحد ہو کر کورونا وائرس کے بعد بدلتی ہوئی دنیا میں بیماریوں اور وباؤں سے پاک، صحت مند پاکستان بنائیں۔ تا کہ پاکستانی قوم کو اقوام عالم کے ہم پلہ ایک عظیم قوم ثابت کیا جا سکے۔

ہمارے آباء و اجداد نے بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح، شاعر مشرق علامہ اقبال اور تحریک پاکستان کے عظیم رہنماؤں کی ولولہ انگیز قیادت میں جان و مال کی لاکھوں قربانیوں کے نتیجے میں یہ ملک حاصل کیا۔بعد میں آنے والوں نے اس کے استحکام کے لئے اپنا اپنا کردار بخوبی ادا کیا جبکہ اٴْس وقت کے وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو، سابق صدر غلام اسحق خان اور محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی سربراہی میں شروع ہونے والے ایٹمی پروگرام کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک عظیم اسلامی ایٹمی قوت بن کر ابھرا۔

(جاری ہے)

اب کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کے بعد دنیا نئے سرے سے تبدیل ہو رہی ہے۔تمام ترقی یافتہ ممالک صحت کے بجٹ و عوامی سہولتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔اب ضرورت ہے کہ پاکستان دنیا کو ایک صحت مند قوت بن کر دکھائے۔اب دنیا کو صحت عامہ کی ایٹمی طاقت کی ضرورت ہے۔آئندہ آنے والے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی جائے۔ ملک میں خاص آدمی اور عام آدمی کو بیماریوں اور کورونا وبا جیسی خطرناک وباؤں سے بچانے کیلئے موجودہ اسپتالوں کو جدید طبی سہولتوں سے آراستہ کیا جائے۔

چھوٹے چھوٹے اسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے۔ ڈسٹرکٹ اسپتالوں اور تحصیل اسپتالوں میں بھی اسی درجہ کی بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں تا کہ دیہی عوام بھی بڑے شہروں کا رخ کرنے کے بجائے اپنے قریبی اسپتالوں میں کم خرچ میں علاج معالجے کی جدید اور بہترین سہولتیں حاصل کر سکیں۔ ملک بھر میں پھیلی ہوئی سرکاری ڈسپنسریوں کی حالت زار کو بہتر بنایا جائے۔