ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کی کورونا ، پولیو او رانسداد ِڈینگی سے متعلق کمشنر کوبریفنگ

جمعہ 29 مئی 2020 19:43

سرگودہا ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر رانا عبداللہ نے کورونا پولیو او رانسداد ڈینگی سے متعلق کمشنر ڈاکٹر فرح مسعود کوبریفنگ دی ۔ انہوں نے بتایا گیا کہ 2014ء سے سرگودہا ڈویژن پولیو فری آرہاہے ۔ رواں سال مارچ میں سرگودہا کے سلانوالی روڈ کے سیوریج میں پولیو وائرس پایا گیا جو تحقیقات میں پتہ چلا کہ سندھ کے پولیو وائرس سے متاثرہ علاقہ سے آنے والی تبلیغی جماعت کے افراد کے استعمال شدہ پانی سے ملا ۔

ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی طو رپر 16یونین کونسلوں میں انسداد پولیو مہم چلائی ۔ اس طرح کرک میں پولیو کیس رپورٹ ہونے پر ضلع میانوالی کے ڈی آئی خان باڈر کی یونین کونسلوں میں بھی بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرکمشنر ڈاکٹر فرح مسعود نے انسداد ڈینگی سرگرمیوں کاجائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کو بہتر سرویلنس کرنے اور ہاٹ سپاٹ کی ہفتہ وار چیکنگ کرنے کی ہدایت کی ۔

انہوں نے انسداد ڈینگی کیلئے تمام ضروری مشینری وسامان کو تیار رکھنے کی ضرورت پرزور دیا ۔کمشنر نے افسران پر زور دیا کہ وہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد زیادہ متحرک رہیں ۔ کورونا مریضوں کے تعداد میں اضافہ کاخدشہ ہے ۔ انہوں نے زیادہ سے زیادہ ٹیسٹ کرنے ‘ کورونا جنگ میں فرنٹ کا کردار ادا کرنے والے طبی عملہ کیلئے تمام ضروری سامان کی وافر مقدارمیں دستیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں ٹائیگرفورس کی رضاکارانہ ذمہ داریوں کے حوالے سے بھی تفصیلی جائزہ لیاگیا ۔