اجمل وزیر کا باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ کا دورہ،کورونا کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا

ائیر پورٹ پر تمام تر حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد کیا جا رہا ہے جو خوش آئند بات ہے،مشیر اطلاعات

جمعہ 29 مئی 2020 19:43

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اجمل خان وزیر نے کہا ہے کہ یکم فروری سے 20 مارچ تک 478 ریگولر پروازوں کے ذریعے 81524 مسافر باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر پہنچے ہیں جن کی باقاعدہ اسکریننگ کی گئی ہے جبکہ 15 اپریل سی28 مئی تک 23 خصوصی پروازوں کے ذریعے کل 4675 مسافر آئے ہیں۔

خصوصی پروازوں میں 727 افراد کورونا پازیٹیو ہیں جن میں سے 246 افراد کا تعلق دیگر صوبوں سے ہے جبکہ 481 افراد کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔ دبئی، ملائیشیا اور دیگر ممالک سے تارکین وطن کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز باچا خان انٹر نیشنل ائیرپورٹ پر میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجمل وزیر نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی خصوصی ہدایت پر پشاور ائیرپورٹ کا دورہ کیا اور کورونا کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اس موقع پر چیف آپریٹنگ آفیسر عبیدالرحمان عباسی نے مشیر اطلاعات کا استقبال کیا اور کورونا انتظامات کے حوالے سے مشیر اطلاعات کو بریفنگ دی۔ اجمل وزیر نے ائیر پورٹ پر کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔اس موقع پر اجمل وزیر نے کہا کہ اس وقت محکمہ صحت کے 15 ڈاکٹرز، 8 نرسز اور 24 پیرا میڈیکل سٹاف ائیر پورٹ پر تعینات ہیں جو دن رات مسافروں کی اسکریننگ سمیت دیگر فرائض سر انجام دے رہے ہیں جبکہ سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی 10ہیلتھ ورکرز کو بھی تعینات کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ائیر پورٹ پر تمام تر حکومتی گائیڈ لائنز پر من و عن عملدرآمد کیا جا رہا ہے جو خوش آئند بات ہے۔اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ محمود خان نے صوبے کے اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لئے وزیراعظم عمران خان کو درخواست کی تھی جسکے بعد فلائٹ آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ کراچی طیارہ حادثہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حادثہ پر پوری قوم دکھی ہے جسکی شفاف تحقیقات جاری ہیں اور جونہی تحقیقات مکمل ہوں گی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائیگی نہ کہ پچھلے ادوار کی طرح سرد خانے کی نظر کی جائیگی۔

اجمل وزیر نے لاک ڈاؤن سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں کہا کہ ایک طرف عوام کو کورونا سے تحفظ دینا ہے دوسری جانب معیشت کا پہیہ چلانا ہے، حکومت نے مزدور طبقے کی مشکلات کو مدنظر رکھ کر لاک ڈائون میں نرمی کی ہے اس لئے عوام سے ایک بار پھر اپیل ہے کہ حکومت کی طرف سے وضع کردہ قواعد وضوابط پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ مشیر اطلاعات نے ڈاکٹرز، طبی عملہ و دیگر فرنٹ لائن ورکرز کی خدمات کو خوب سراہتے ہوئے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز اور طبی عملہ وسائل کی کمی کے باوجود جو خدمات سرانجام دے رہے ہیں اسکی مثال نہیں ملتی۔

مشیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تمام صوبوں کی مشاورت سے کورونا کے خلاف آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی محمود خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا کی پوری مشینری 24/7 فعال ہے۔دریں اثناء میڈیا سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے اجمل وزیر کا کہناتھا کہ خیبرپختونخوا کے تمام شہروں میں آج سے اتوار تک لاک ڈاون رہے گا، صرف پیر سے جمعرات تک کاروباری سرگرمیوں کی اجازت ہے، شام 5بجے کے بعد ضروری دکانوں کے علاوہ تمام دکانیں بند رہیں گی ،صرف جنرل اسٹور، سبزی، پھل اورگوشت کی دکانیں کھلی رہیں گی،حجام اور سیلون ہفتے میں 3دن یعنی جمعہ، ہفتہ، اتوار کو کھلے رہیں گے، کورونا وائرس سے محفوظ رہنے کے لیے ایس اوپیزپر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔