ملک میں غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی

آئندہ 4 روز کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش ہو گی

جمعہ 29 مئی 2020 20:04

ملک میں غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) محکمہ موسمیات پاکستان نے ملک میں غیر معمولی بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔ آئندہ 4 روز کے دوران اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف حصوں میں تیز ہواؤں اور آندھی کے ساتھ بارش ہو گی جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی امکان ہے جس کے باعث گرمی کا زور ٹوٹ جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ سے منگل کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں غیر معمولی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

اس دوران بعض مقا مات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ترجمان کے مطابق چاول اور کپاس کی کاشت کے علاقوں لاہور، شیخوپورہ، حافظ آباد، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، نارووال، گجرات، ملتان، ڈی جی خان، راجن پور، بہاولپور، خان پور اور رحیم یار خان) میں جمعہ سے منگل کے دوران آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ بعض علاقوں میں ژالہ باری کی بھی توقع ہے۔ ہفتہ اور اتوار کو سکھر، لاڑکانہ، شہید بینظیر آباد، میرپور خاص، حیدر آباد، دادو اور جیکب آباد میں گرد آلود ہوائیں چلنے کے علاوہ بارش کا بھی امکان ہے۔ دریں اثناء ترجمان نے کہا کہ کاشتکار حضرات کیلئے اطلاع ہے کہ حالیہ غیر معمولی بارشوں کو پیش نظر رکھتے ہوئے اپنی فصلوں کو کاشت کریں تاکہ فصلوں کو موسم سے ہونے والے نقصان سے بچایا جا سکے۔