سندھ میں بڑے پیمانے پر بارشوں کی پیش گوئی، محکمہ زراعت میں ایمرجنسی لاگو، چھٹیاں منسوخ

صوبے کے 12 متاثرہ اضلاع میں 8448 ہیکٹرز پر اسپرے کرکے ٹڈی دل کا خاتمہ کیا گیا،اسماعیل راہو

جمعہ 29 مئی 2020 20:38

کراچی۔29 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) سندھ میں بڑے پیمانے پر بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، سندھ حکومت نے محکمہ زراعت کے تمام افسران و ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی ہیں، اس سلسلے میں صوبائی وزیر زراعت اسماعیل راہو نے کہا ہے کہ بارشوں کے پیش نظر صوبے بھر میں محکمہ زراعت کے تمام افسران کی چھٹیاں منسوخ کردی گئیں ہیں، سندھ حکومت نے بارشوں کے پیش نظر ٹڈی دل کے خاتمے کے لئے 98 فلیڈ ٹیموں کی ڈیوٹیاں لگادی ہیں۔

جمعہ کو جاری کردہ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بارشیں ہونے سے ٹڈی ریگستانی علاقوں میں فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے، سندھ حکومت کی جانب سے متاثرہ فصلوں پر اسپرے مہم جاری ہے، 24 گھنٹوں میں صوبے کے 12 متاثرہ اضلاع میں 8448 ہیکٹرز پر اسپرے کرکے ٹڈی دل کا خاتمہ کیا گیا، سندھ میں 63 لاکھ 50 ہزار سے زائد فیلڈ ٹیموں نے سروے کیا اور 27ہزار 433 ہیکٹرز پر اسپرے کرچکی ہیں۔

(جاری ہے)

اسماعیل راہو نے کہا کہ بدین، گھوٹکی، خیرپور، سانگھڑ، نوشہروفیروز، سکھر، ایس بی اے، کشمور، ٹنڈوالہ یار، مٹیاری، دادو اور جامشورو میں اسپرے کیا گیا ہے، بارش پڑنے کے بعد نرم زمین پرٹڈی دل 1 اسکوائر میٹر تک ایک ہزار انڈے دے سکتی ہے، تیز بارشیں ٹڈیوں کی افزائش کے لئے ریگستانی علاقوں میں سازگار ماحول پیدا کرتی ہیں۔صوبائی وزیرنے کہا کہ محکمہ زراعت کی ٹیمیں دن رات کام کررہی ہیں، ریگستانی علاقوں میں سروے ٹیمیں الرٹ ہیں، سروے اور مانیٹرنگ بھی کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :