انفارمیشن گروپ کے افسران کا اپنے ساتھی اور دوست زبیداللہ خان کی ناگہانی موت پر دلی تعزیت کا اظہار

نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے زبیداللہ خان، ان کے چچا اور کزن کوشمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میںقتل کر دیا تھا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے تھے

جمعہ 29 مئی 2020 22:21

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) سول سروس آف پاکستان کے انفارمیشن گروپ کے افسران نے اپنے ساتھی اور دوست زبیداللہ خان کی ناگہانی موت پر دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انفارمیشن گروپ کے 30 ویں سی ٹی پی بیچ کے افسر زبید اللہ خان کو عید کے دن شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں قتل کر دیا گیا تھا۔ انفارمیشن گروپ کے افسران کی طرف سے گزشتہ روز جاری تعزیتی پیغام میں امید ظاہر کی گئی ہے کہ واقعہ کی جلد تحقیقات کرکے ذمہ داران کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ زبیداللہ خان کی بے وقت موت سے پورے گروپ کو صدمہ پہنچا ہے، بہت سے ساتھیوں کو ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، وہ ایک محنتی اور فرض شناس افسر تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پسماندگان اور سوگوار خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور مرحوم کے بلندی درجات کے لئے دعا گو ہیں۔

(جاری ہے)

یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ نا معلوم موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کر کے زبیداللہ خان، ان کے چچا اور کزن کو تحصیل میر علی، موضع حسو خیل میں قتل کر دیا اور واردات کے بعد موقع سے فرار ہوگئے۔

بظاہر یہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے جو عید الفطر کے روز پیش آیا۔ مرحوم زبید اللہ خان کا تعلق داوڑ قبیلہ سے تھا۔ مرحوم خوشی اور غمی کے موقع پر اپنے عزیز و اقارب سے ملنے اسلام آباد سے وہاں جایا کرتے تھے۔