آئندہ بجٹ میں عام آدمی کا تحفظ یقینی بنائیں گے، عمران خان

حکومت کی ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے، مافیاز نے سیاست کو کاروبار بنایا ہوا ہے، چینی اسکینڈل کی تحقیقات اور رپورٹ پبلک کرنا تاریخی اقدام ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت حکومتی ترجمانوں کا اجلاس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 مئی 2020 20:49

آئندہ بجٹ میں عام آدمی کا تحفظ یقینی بنائیں گے، عمران خان
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی 2020ء) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ سیاستدان سیاست میں رہ کرمافیاز کی مدد کرتے ہیں، چینی اسکینڈل کی تحقیقات اور رپورٹ پبلک کرنا تاریخی اقدام ہے، حکومت کی ترجیح عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی اور حکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ترجمانوں کو چینی انکوائری رپورٹ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں کورونا صورتحال سمیت سیاسی اور معاشی امور پر بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت کا چینی اسکینڈل پر تحقیقات اور رپورٹ پبلک کرنا تاریخی اقدام ہے۔ ملک کو اتنے عرصے سے لوٹا جا رہا تھا، کسی نے توجہ نہیں دی، مافیاز نے سیاست کو کاروبار بنایا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

سیاست میں رہ کر کرپٹ سیاستدان مافیاز کی مدد کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے معیشت میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے۔ مزید برآں وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت موجودہ دورِ حکومت میں عوا م کو انصاف کی سہل اور فوری فراہمی کے لئے کی جانے والی قانونی اصلاحات کا جائزہ اجلاس ہوا۔

جس میں وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر ظہیر الدین بابر اعوان، اٹارنی جنرل خالد جاوید خان، پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون ملائیکہ علی بخاری و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے ۔ وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم نے موجودہ دورِ حکومت میں انصاف کے نظام میں کی جانے والی اہم اصلاحات مثلاً دیوانی مقدمات کی جلد تکمیل، انتقال وراثت، خواتین کو وراثتی جائیدا د میں ان کا حق دلانا، ریاست کی جانب سے کمزور اور نادار طبقات کو قانونی معاونت کی فراہمی اور کریمنل جسٹس سسٹم میں کی جانے والی اصلا حات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

سول پروسیجر میں اصلاحات کے نتیجے میں سالہا سال سے التوا ء کا شکار رہنے والے مقدمات کی تکمیل کے لئے ایک وقت مقرر کردیا گیا ہے،متعلقہ قوانین میں اصلاحاتی عمل اور ٹیکنالوجی کے استعمال سے جہاں نظام میں بہتری آئے گی وہاں سائلین کو آسان اور فوری انصاف میسر آسکے گا۔ اجلاس میں وفاقی دارالحکومت میں جدید فارنزک لیبارٹری کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔