ٹڈی دل کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے،60 اضلاع میں اس وقت ٹڈی دل موجود ہے،

کسانوں کو ٹڈی دل کے حملہ کی پیشگی اطلاع کیلئے کوشاں ہیں، اس کے خاتمہ کیلئے جدید آلات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، پاک فوج کے جہاز اور ہیلی کاپٹرز آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں وفاقی وزیر سیّد فخر امام کی نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت

جمعہ 29 مئی 2020 22:47

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2020ء) وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سیّد فخر امام نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے،60 اضلاع میں اس وقت ٹڈی دل موجود ہے، کسانوں کو ٹڈی دل کے حملہ کی پیشگی اطلاع کیلئے کوشاں ہیں، اس کے خاتمہ کیلئے جدید آلات کی فراہمی یقینی بنائیں گے، پاک فوج کے جہاز اور ہیلی کاپٹرز آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر (این ایل سی سی) کا اجلاس وفاقی وزیر برائے نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ سیّد فخر امام کی زیر صدارت ہوا جس میں تمام متعلقہ اداروں کے نمائندوں سمیت چاروں صوبوں کے چیف سیکرٹریز اور محکمہ زراعت کے نمائندوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اب تک کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور کئے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔ این ایل سی سی سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق محکمہ زراعت، محکمہ فوڈ سکیورٹی اور پاکستان آرمی کی مشترکہ ٹیمیں ملک کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کے خلاف بھرپور سروے اور کنٹرول آپریشن کر رہی ہیں۔ 61 متاثرہ اضلاع میں 1150 مشترکہ ٹیمیں اس مہم میں حصہ لے رہی ہیں۔

اب تک 227610 سکوائر کلومیٹر (تقریباً 2.3 کروڑ ہیکٹر) رقبہ پر سروے کیا جا چکا ہے جبکہ 4814 مربع کلو میٹر (تقریباً 481400 ہیکٹر) رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 3129 مربع کلو میٹر رقبہ پر سروے اور 44 مربع کلو میٹر رقبہ پر کنٹرول آپریشن کیا گیا جس میں تقریباً 3198 لیٹر پیسٹی سائڈز کا استعمال کیا گیا۔ اب تک بلوچستان میں 2683، پنجاب میں 1480، خیبرپختونخوا میں 377 اور سندھ میں 274 مربع کلو میٹر رقبہ میں کنٹرول آپریشن کیا جا چکا ہے۔

کنٹرول آپریشن کے دوران ٹڈی دل کے مؤثر تدارک کیلئے ہوائی جہازوں اور ہیلی کاپٹرز کی مدد سے ایریل سپرے بھی کیا جا رہا ہے۔ کاشتکاروں کو ٹڈی دل کی موجودگی کی اطلاع دینے اور مزید معلومات اور رہنمائی کیلئے نیشنل لوکسٹ کنٹرول سنٹر کے نمبرز 051-9274980-2، UAN 051-111222999، 0320-5800120-4پر کسی بھی وقت رابطہ کر سکتے ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر سیّد فخر امام نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے چین تعاون کر رہا ہے، ٹڈی دل کے خلاف عوام کو قومی سطح پر متحرک کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 28 سال بعد ٹڈی دل نے پاکستان پر حملہ کیا ہے، بلوچستان، تھل، جنوبی پنجاب میں ٹڈی دل کی تعداد زیادہ ہے، حکومت یونین کونسل کی سطح پر سروے کا آغاز کر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز اور جہاز آپریشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل عالمی مسئلہ کی صورت اختیار کر چکا ہے ایران اور بھارت کی بھی مختلف ریاستوں میں ٹڈی دل کا حملہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لیا جا رہا ہے، 60 اضلاع میں اس وقت ٹڈی دل موجود ہے، کسانوں کو ٹڈی دل کے حملہ کی پیشگی اطلاع کیلئے کوشاں ہیں، ٹڈی دل کے خاتمہ کیلئے جدید آلات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔