محکمہ فوڈ پنجاب کی جانب سے کسانوں سے گندم کی خریداری کا سلسلہ جاری

جمعہ 29 مئی 2020 23:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2020ء) محکمہ فوڈ پنجاب کی جانب سے کسانوں سے گندم کی خریداری کا سلسلہ جاری رہنے کی وجہ سے اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت میں اضافہ ہو گیا ہے، اس اضافے کے ساتھ گندم کی قیمت 1600 روپے فی من ہو گئی ہے جبکہ دوسری طرف قیمت میں اضافے کی وجہ سے فلور ملز مالکان نے اوپن مارکیٹ سے مہنگے داموں گندم خرید کر عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے سلسلے میں ہاتھ کھڑے کر دیئے ہیں جس کی وجہ سے پنجاب میں آٹے کا بحران پیدا ہونے کے خدشات رونما ہو گئے ہیں، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ محکمہ خوراک پنجاب نے کسانوں سے سرکاری گندم کی خریداری کا ہدف مکمل کرتے ہوئے ہدف سے زائد گندم خرید لی ہے، محکمہ خوراک پنجاب کا گندم خریداری کا ہدف 40 لاکھ میٹرک ٹن تھا جبکہ محکمے نے 43 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری مکمل کرنے کے بعد کسانوں سے مزید گندم نہ خریدنے کی ایک سمری وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کر دی ہے، جس پرصوبائی وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے محکمہ خوراک کے افسران کو اضافی گندم خریدنے پر شاباش دیتے ہوئے آج بروز ہفتہ اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کر لیا ہے، اس سلسلے میں پنجاب کے سینئر وزیر کا کہنا ہے کہ سرکاری سطح پر اضافی گندم کی خریداری سے گندم کی قیمت میں کمی واقعہ ہو گی جبکہ آٹے کی نئی قیمت کا ضلعی انتظامیہ تعین کرے گی، ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی رہے گی، انہوں نے پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن کے رہنمائوں کو بھی آج بروز ہفتہ مذاکرات کے لئے طلب کر لیا ہے۔