عیدالفطر کے موقع پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں زیرتعلیم غیرملکی طلباء و طالبات میں عید تحائف تقسیم

جمعہ 29 مئی 2020 23:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 مئی2020ء) عیدالفطر کے موقع پر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں زیرتعلیم غیرملکی طلباء و طالبات میں عید تحائف تقسیم کرنے کے ساتھ ساتھ عید ملن پارٹی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس حوالے سے ایک خصوصی تقریب نیوسنڈیکیٹ روم میں منعقد ہوئی جہاں یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے فارن سٹوڈنٹس ایڈوائزر پروفیسرڈاکٹر طاہر صدیقی ‘ٹریژر و رجسٹرار عمر سعید قادری ‘ ڈین کلیہ ویٹرنری سائنس پروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال قریشی‘ ڈائریکٹر فنانشل اسسٹنٹس ڈاکٹر جاوید اختر‘ ڈین کلیہ فوڈ نیوٹریشن و ہوم سائنس ڈاکٹر مسعود صادق بٹ اور سیکرٹری ٹو وائس چانسلر محمد جمیل کی موجودگی میں غیرملکی طلباء و طالبات کے ہمراہ عیدالفطر کا خصوصی کیک کاٹا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر غیرملکی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر محمد اشرف (ہلال امتیاز) نے کہا کہ انٹرنیشنل سٹوڈنٹس انتظامیہ کی اولین ترجیح ہیں اور ان کے لئے تعلیمی ‘ تحقیقی اور اقامتی آسانیاں پیدا کرنا بہترین سفارتکاری میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے نتیجہ میں ہونیوالے لاک ڈائون اور بین الاقوامی پروازوں کی بندش کے دوران ان غیرملکی طلبہ کیلئے رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے مثالی انتظامات کے ساتھ ساتھ عید مبارک کے موقع پر ان کیلئے تحائف اور عید ملن پارٹی کا مقصد یہی ہے کہ گھروں سے ہزاروں میل دور انہیں اس اہم موقع پر یہ احساس نہ ہونے دیا جائے کہ وہ اپنے پیاروں سے دور تنہاء عید منا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ یونیورسٹی کے تدریسی و انتظامی افسران و سٹاف نے اپنی جیب سے پندرہ لاکھ روپے سے زائد عطیات جمع کرکے لاک ڈائون کے نتیجہ میں متاثر ہونے والے چھوٹے ملازمین کی مدد کے ساتھ ساتھ پہلے مرحلے میں ایسٹر کے موقع پر مسیحی ملازمین میں تحائف کئے گئے جس کے فوری بعد رمضان المبارک کی آمد کے موقع پر مسلمان ملازمین میں رمضان گفٹس ‘ ملبوسات اور عیدالفطر سے قبل ایک ہزار سے زائد چھوٹے ملازمین میں عید تحائف تقسیم کئے گئے تاکہ وہ عید کی خوشیوں کوبھرپور انداز میں منا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس لاک ڈائون کے دوران دنیا کے تمام ممالک میں لوگوں نے کسی بھی دوسری چیز کے مقابلے میں خوراک کی تلاش کوترجیح دی لہٰذا زرعی یونیورسٹی کے طالب علم ہوتے ہوئے انہیں اس بات پر فخر ہونا چاہئے کہ وہ خود کو اس پیشے کیلئے تیار کر رہے ہیں جس سے انسانیت کی بقاء منسلک ہے۔ فارن سٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر محمد طاہر صدیقی نے کہا کہ انہیں کرونا وائرس لاک ڈائون اور بین الاقوامی پروازوں کی بندش کے نتیجہ میں غیرملکی طلبہ کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے تاہم یہ سمجھتے ہیں کہ یونیورسٹی میں انہیں گھر جیسی سہولیات کی فراہمی کے ذریعے ان کی مشکلات کوکسی حد تک کم کیا جا سکتاہے۔

انہوں نے بتایا کہ لاک ڈائون کے دوران یونیورسٹی میں مقیم افغان طلبہ تو اپنے ملک روانہ ہوچکے ہیںتاہم افریقی ممالک کے ڈیڑھ درجن سے زائد طلبہ کا ہاسٹلوں میں قیام اس طرح آسان کیا جا سکتا ہے کہ ان کیلئے تمام سہولیات ادھر ہی مہیا کی جائیں۔ تقریب میں گیمبیا‘ سرالیون‘ بینین‘ نائیجر‘ صومالیہ اور نائجیریاکے طلباء و طالبات نے وائس چانسلرڈاکٹر محمد اشرف‘ فارن سٹوڈنٹس ایڈوائزر ڈاکٹر طاہر صدیقی اور ٹریژر و رجسٹرار عمر سعید قادری کے ساتھ عیدکا کیک کاٹا اور یونیورسٹی میں اپنے قیام کو بہترین مہمان نوازی سے تعبیر کیا۔ ۔