پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی جاسوس ڈرون مارگرایا

بھارتی جاسوس ڈرون 700 میٹر پاکستان کی حدود میں آگیا تھا، جاسوس ڈرون کو ایل او سی پر نیکرون سیکٹر میں گرایا گیا ہے۔ آئی ایس پی آر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 29 مئی 2020 21:57

پاک فوج نے ایل او سی پر بھارتی جاسوس ڈرون مارگرایا
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 29 مئی 2020ء) پاک فوج نے ایل او سی پر پھر بھارتی جاسوس ڈرون مار گرایا، بھارتی جاسوس ڈرون 700 میٹر پاکستان کی حدود میں آگیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی جاسوس ڈرون آج پھر 700 میٹر پاکستان کی حدود میں آگیا۔

جس کو
پاک فوج نے آنکھ جھپکتے ہی ایل او سی پر مار گرایا
۔ بھارتی جاسوس ڈرون کو ایل او سی پر نیکرون سیکٹر میں گرایا گیا ہے۔
پاک فوج نے گزشتہ روز بھی ایل اوسی پر بھارتی ڈرون مارگرایا تھا۔

(جاری ہے)

بھارتی جاسوس ڈرون پاکستان میں 650 میٹر تک اندرآیا تھا جس کو پاک فوج نے رکھ چکری سیکٹر میں مارگرایا تھا۔

یاد رہے بھارتی فوج سرجیکل اسٹرائیک سمیت آپریشن کرنے کے بے شمار جھوٹے دعوے کرتی آئی ہے۔ جب بھی بھارت عملی طور پر کوئی بھی حماقت کرنے کی کوشش کی، پاک فوج نے بھر پور جواب دیتے ہوئے ناکوں چنے چبوائے۔ دوسری جانب بھارت کو آج کل چین نے نتھ ڈالی ہوئی ہے۔ لداخ میں غیر قانونی تعمیرات پربھارت کو لینے کے دینے پڑ گئے۔ چین نے کشمیر کے علاقے اکسائے چن پر بھی فوجی قوت بڑھا دی۔

لداخ میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔ چین لداخ میں متنازع سڑک پر پل کی تعمیر روکنا چاہتا ہے، چین نے ائیرپورٹ پر ملٹری قوت میں اضافہ کر لیا۔ لداخ میں بھارتی فوجیوں کی تعداد میں بھی اضافہ کر دیا گیا، گولوان وادی کے تین پوائنٹس اور پینگانگ جھیل پر بھارتی اور چینی فوجی آمنے سامنے ہیں۔ واضح رہے کہ لداخ کے علاقے میں بھارت اور چین تنازع شروع ہوئے ایک ہفتے سے زائد وقت گزر چکا ہے۔ بھارت نے اپنے توسیع پسندانہ غیر قانونی مقاصد پورے کرنے کیلئے پہلے نیپال کے ساتھ سرحدی تنازع شروع کیا تاہم جب چین کے ساتھ جھڑپیں شروع کیں تو بھارت کو بھرپور جواب ملا جس پر بھارتی فوجیں پسپائی پر مجبور ہوئیں۔